نئی دہلی، 21؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )مجاہدین آزادی میں سے ہر ایک کی ماہانہ پنشن میں آج تقریبا پانچ ہزار روپے کا اضافہ کردیا گیا ۔ان میں انڈمان جزائر میں بنی سیلولر جیل میں اس زمانے میں قیدی رکھے گئے لوگ اور برطانوی حکومت والے ہندوستان کی سرحد سے باہر رہنے والے مجاہدین آزادی بھی شامل ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں سبھی اقسام کے مجاہدین آزادی ، ان کے شریک حیات اور ان کی زیر کفالت بچوں کو 20فیصد بڑھا ہوا پنشن دینے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔ایک سرکاری بیان کے مطابق اضافہ شدہ پنشن 15؍اگست 2016سے نافذ ہوگی۔مہنگائی بھتہ طے کرنے کی آزادی مجاہدین آزادی پنشن یافتگان کے متعلقہ زمروں کی ترمیم شدہ کل رقم کو اصل پنشن رقم کے طور پرمانا جائے گا۔فی الحال مہنگائی بھتہ نظام صنعتی مزدوروں کے لیے آل انڈیا صارفین قیمت انڈیکس پر مبنی ہے۔یہ مجاہدین آزادی پنشن یافتگان کے لیے ابھی تک سالانہ بنیاد پر لاگو ہوتی تھی۔اب اسے بند کر دیا گیا ہے اور اب یہ مرکزی حکومت کے لیے سال میں دو بار لاگو ہونے والے مہنگائی بھتے کی بنیاد پر ہوگی۔بیان میں کہا گیا کہ پنشن یافتگان کے لیے یہ مہنگائی راحت کے نام سے جانا جائے گا۔سابق انڈمان سیاسی قیدیوں اور ان کی شریک حیات زمرے کے مجاہدین آزادی کے لیے پنشن کو 24775روپے سے بڑھا کر 30ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔برطانوی حکومت والے ہندوستان کے باہر جدوجہد کر چکے مجاہدین آزادی کی پنشن کو 23085سے بڑھا کر 28ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔انڈین نیشنل آرمی (آئی این اے ) کے اراکین سمیت دیگر مجاہدین آزادی کی پنشن کو 21395سے بڑھا کر 26ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اس سال کے اپنے یوم آزادی کے خطاب میں کہا تھا کہ حکومت مجاہدین آزادی کی پنشن بڑھائے گی۔