ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلہ کی تشہیری مہم کا تھم گیا شور؛ کرناٹک کے 14 حلقوں سمیت 12ریاستوں میں کل جمعہ کو ہوں گے انتخابات

لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلہ کی تشہیری مہم کا تھم گیا شور؛ کرناٹک کے 14 حلقوں سمیت 12ریاستوں میں کل جمعہ کو ہوں گے انتخابات

Thu, 25 Apr 2024 12:55:25    S.O. News Service

بینگلور 25/اپریل (ایس او نیوز) لوک سبھا انتخابات کے لئے دوسرے مرحلے کی تشہیری مہم بدھ کی شام  5؍ بجےختم ہوگئی۔اس مرحلے میں یوپی ،بہار،ایم پی اورراجستھان سمیت کرناٹک میں ہونے والے دو مراحل  میں سے پہلے مرحلہ کے انتخابات کے ساتھ ساتھ 13؍ریاستوں کی 88؍ سیٹوں پر بھی  کل جمعہ 26 اپریل کوانتخابات ہوں گے۔  تمام حلقوں میں ووٹنگ صبح  7 بجے سے شام  چھ بجے  تک ووٹ ڈالے جائیں گے۔

کرناٹک کے پہلے مرحلہ میں ٢٨ لوک سبھا حلقوں میں سے ١٤ حلقوں میں کل جمعہ کو ووٹنگ ہوگی جن میں اُڈپی، چکمنگلور، ہاسن، دکشن کنڑا، چتردرگہ، ٹمکور، منڈیا، میسور، چامراج نگر، بنگلور رورل، بنگلور نارتھ، بنگلور سینٹرل، بنگلور ساوتھ، چکبالاپور اور کولار حلقے شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے پہلے سے طے شدہ  شیڈول کے مطابق  دوسرے مرحلے میں مدھیہ پردیش کی بیتول سیٹ پر بھی انتخابات ہونا تھے، لیکن بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے اُمیدوار کی موت کے بعد اب اس سیٹ پر انتخابات تیسرے مرحلے میں یعنی ٧/مئی کو منعقد ہوں گے۔ ان سیٹوں پر کل ١٢٠٦ اُمیدوار اپنی قسمت آزمارہے ہیں۔

اس مرحلے میں  کیرالہ سے ٢٠، کرناٹک سے ١٤، راجستھان سے ١٣، مہاراشٹرا اور اُترپردیش سے آٹھ، مدھیہ پردیش سے چھ، آسام اور بہار سے پانچ، چھتیس گڑھ اور مغربی بنگال اور جموں و کشمیر سے تین تین نشستوں پراور منی پور اور تریپور میں ایک ایک سیٹ پر انتخابات ہوں گے

 الیکشن کمیشن نے آزادانہ، منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے سب سے تعاون کی اپیل کی ہے اور تمام ووٹرس پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا حق ذمہ داری سے استعمال کریں۔تشہری مہم کے آخری دن سیاسی لیڈران نے پوری طاقت جھونک دی۔ وزیراعظم نریندر مودی، امیت شاہ، نتن گڈکری، شیوراج چوہان، اکھلیش یادو،تیجسوی یادو، راہول گاندھی، پرینکاگاندھی، ملیکارجن کھرگے، سدرامیا، یوگی آدتیہ ناتھ اورنتیش کمار سمیت بڑے لیڈروں نے انتخابی اجلاس میں شرکت کی اورایک دوسرے پر جم کر تنقیدیں کیں۔ 

 قابل ذکرہےکہ لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ۱۹؍ اپریل کو ہوئی ہے۔ اب انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جو امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں ان میں راہل گاندھی، ارون گوئل، ہیما مالنی، ششی تھرور اور راجیو چندر شیکھر شامل ہیں۔راہل گاندھی وائناڈ  سے امیدوار ہیں جبکہ ہیما مالنی متھرا سے امیدوار ہیں۔ رامائن میں رام کا کردار ادا کرنے والے ارون گوئل میرٹھ سے بی جے پی کے امیدوار ہیں۔ اس مرحلے میں لوک سبھا کی۸۸؍ سیٹوں پر کل۱۲۰۶؍ امیدوار میدان میں ہیں۔


Share: