ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لوک سبھا انتخابات ؛ کل منگل کو کمٹہ کالج میں ہوگی اُترکنڑا حلقہ کے ووٹوں کی گنتی؛ دوپہر تک مطلع صاف ہونے کے آثار

لوک سبھا انتخابات ؛ کل منگل کو کمٹہ کالج میں ہوگی اُترکنڑا حلقہ کے ووٹوں کی گنتی؛ دوپہر تک مطلع صاف ہونے کے آثار

Mon, 03 Jun 2024 23:19:31    S.O. News Service

کاروار 3 جون (ایس او نیوز): لوک سبھا انتخابات 2024 کے ووٹوں کی گنتی کل منگل 4 جون کو ہوگی اور دوپہر تک نتائج آناشروع ہوجائیں گے۔ اُترکنڑا لوک سبھا حلقہ کے ووٹوں کی گنتی کمٹہ اے وی بالیگا کالج میں  ہوگی۔جہاں ووٹوں کی گنتی کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

اُترکنڑا میں  13 اُمیدوار میدان میں ہیں جبکہ راست مقابلہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہونے کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ اُترکنڑا میں 7 مئی کو  انتخابات  ہوئے تھے اور  76.53 فیصد ووٹنگ درج کی گئی تھی۔ یہاں  جملہ  12,56,027 افراد نے اپنی حق  رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔

ضلع میں گھر گھر ووٹنگ میں کل 6236 ووٹ ڈالے گئے جن میں 85 سال سے زائد عمر کے 2985 افراد، 1924 معذور افراد، 253 ضروری خدمات کے ملازمین اور الیکشن ڈیوٹی پر مامور 1164 عملہ شامل تھا۔

کل ہونے والے ووٹوں کی گنتی کے تعلق سے اُترکنڑا  الیکشن آفسر اور ضلع کی ڈپٹی کمشنر گنگوبائی مانکرنے بتایا کہ   ضلع میں ووٹوں کی گنتی کے لیے  562 اہلکاروں کو مقرر کیا گیا ہے اور صبح 8 بجے گنتی  کا عمل شروع ہوگا۔

دوپہر 12 بجے تک مکمل نتائج کا اعلان ہونے کا امکان ہے، خانہ پور اسمبلی حلقہ میں 23 راؤنڈز، کتور میں 17، ہلیال میں 16، کاروار میں 19، کمٹہ میں 16، بھٹکل میں 18، سرسی میں 19 اور یلاپور میں  17 راؤنڈ  میں  گنتی  مکمل ہوگی۔

ووٹوں کی گنتی کے لیے 4 ڈی وائی ایس پی، 15 سی پی آئی، 40 پی ایس آئی، 54 اے ایس آئی، 104 ہیڈ کانسٹیبل، 170 پولیس کانسٹیبل، 38 خواتین کانسٹیبل، 5 ڈسٹرکٹ آرمڈ ریزرو پولس، 2 کے ایس آر پی اور سنٹرل آرمڈ 1 دستہ ریزرو فورس تعینات  کئے گئے ہیں۔


Share: