نئی دہلی،3 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سپریم کورٹ کی طرف سے مقررکردہ لوڈھا پینل نے بی سی سی آئی کا اکاؤنٹ رکھنے والے بینکوں کو ہدایات دی ہے کہ وہ انڈین کرکٹ بورڈ کی طرف سے 30؍ستمبر کو اس کے خصوصی اجلاس عام میں لئے گئے مالی فیصلوں کے سلسلے میں کوئی بھی رقم ادا نہ کرے۔اپنی سفارشات کی خلاف ورزی کئے جانے سے لوڈھا پینل کافی ناراض ہے۔کمیٹی نے بینکوں کو لکھے خط میں کہاکہ کمیٹی کو پتہ چلا ہے کہ بی سی سی آئی کی 30؍ستمبر 2016کو ہوئی قومی مجلس عاملہ کے ہنگامی اجلاس میں کچھ فیصلے لئے گئے ہیں جس میں مختلف رکن ایسوسی ایشن کو کافی بڑی رقم تقسیم کی گئی ہے۔یہ خط بی سی سی آئی کے سکریٹری اجے شرکے ، چیف ایگزیکٹو آفیسر راہل جوہری اور خزانچی انیر ودھ چودھری کو بھی بھیجا گیا ہے۔کمیٹی نے کہاکہ آپ جانتے ہیں کہ کمیٹی کو31-08-2016کو دی گئی ہدایات کے مطابق معمول کے معاملات کے علاوہ مستقبل سے متعلق کوئی بھی فیصلہ نہیں لئے جا سکتے اور اس طرح کی رقم کی ادائیگی کرنا معمول کا کام نہیں ہے اور ویسے بھی اس کی کوئی بہت زیادہ ضرورت نہیں تھی۔اس نے کہاکہ آپ یہ بھی جانتے ہیں کہ بی سی سی آئی نے سپریم کورٹ کے فیصلے اور ساتھ ہی اس کمیٹی کی طرف سے مقرر کی گئی پہلی میعاد کی خلاف ورزی کی ہے جس میں فنڈ کی تقسیم کی پالیسی 30-09-2016تک تشکیل دیا جانا شامل ہے۔اس کے مطابق سپریم کورٹ جمعرات6-10-2016اسٹیٹس رپورٹ کی سماعت کرے گی، اس لیے آپ کو 31-08-2016کے بعد بی سی سی آئی کی طرف سے منظور شدہ یا جاری شدہ کسی بھی مالی رقم کی تقسیم کے لیے قدم نہیں اٹھانے کی ہدایت دی جاتی ہے۔اس ہدایت میں کسی بھی قسم کی خلاف ورزی مناسب فیصلہ کے لیے سپریم کورٹ کے سامنے رکھی جائے گی ۔