ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / قومی آبی پالیسی قائم کرنے پرزور،چنویرا کنوی نے میسور دسہرہ تقریبات کا افتتاح کیا

قومی آبی پالیسی قائم کرنے پرزور،چنویرا کنوی نے میسور دسہرہ تقریبات کا افتتاح کیا

Sun, 02 Oct 2016 10:56:06    S.O. News Service

بنگلورویکم اکتوبر(ایس او نیوز)آج عالمی شہرت یافتہ میسور دسہرہ کا افتتاح کرتے ہوئے معروف کنڑا ادیب چنویرا کنوی نے مرکزی حکومت سے قومی آبی پالیسی ترتیب دینے کا مطالبہ کیا اور کہاکہ آبی تنازعات کے سلسلے میں اپنے فیصلے سناتے ہوئے عدالتوں کو انسانیت کا لحاظ رکھنا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ کرناٹک ایک طرف کاویری کے مسئلہ میں الجھا ہوا ہے تو دوسری طرف مہادائی کا مسئلہ درد سر بنا ہوا ہے۔ان دونوں مسائل کو وزیراعظم مودی کی مداخلت سے فوری طور پر حل کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاویری آبی تنازعہ کے سلسلے میں ہر بار تملناڈو نے کرناٹک کو ہراساں کرنے کی کوشش کی ہے، فی الوقت کاویری طاس میں پانی نہ ہونے کے برابر ہے اس سے نمٹنے کیلئے فوری طریقۂ کار اپنایا جانا چاہئے۔ معروف کنڑا ادیب پروفیسر ایم ایم کلبرگی کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں تاخیر کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قتل کو ایک سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی اب تک تحقیقات نہیں ہوپائی ہیں تو یہ افسوس کا مقام ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے انسداد توہم پرستی قانون لانے کی جو پہل کی گئی ہے اس کو بلاتاخیر عملی جامہ پہنایا جائے۔ ریاست میں خشک سالی کی سنگین صورتحال کے پیش نظر اس سال دسہرہ تقریبات کو سادگی سے منانے حکومت کے فیصلے کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کرناٹک میں ملک کی ہی نہیں ،بلکہ دنیا کی تمام تہذیبوں کو پروان چڑھنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ذات پات ، فرقہ پرستی وغیرہ سے بالاتر ہوکر شہریان کرناٹک میں ہر ایک کو ترقی کے ثمرات حاصل کرنے کا موقع دیاگیا ہے۔ 


Share: