بنگلورو23؍ستمبر(ایس او نیوز) کاویری سے تملناڈو کو پانی کی فراہمی کے سلسلے میں عدالتوں کے فیصلوں کے بعد شہر بنگلور میں 12 ستمبر کو جو پرتشدد واقعات پیش آئے تھے ،اس کے بعد شہر میں نافذ امتناعی احکامات کو اب 30 ستمبر تک برقرار رکھا جائے گا۔یہ بات آج اڈیشنل کمشنر آف پولیس چرن ریڈی نے بتائی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شہر میں حفاظتی انتظامات کیلئے مرکزی دستوں کی تعیناتی بھی 30؍ ستمبر تک برقرار رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ شہر کے مشرقی اور شمالی علاقوں میں جو حفاظتی انتظامات پولیس کی طرف سے کئے گئے ہیں ان کو یونہی برقرار رکھا جائے گا ۔ شہر میں نیم فوجی دستوں اور سریع الحرکت فورس کی 14؍ کمپنیوں کی تعیناتی برقرار رکھی گئی ہے۔ مرکزی دستوں کے ساتھ مقامی پولیس بھی شہر کی حفاظت میں لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کاویری تشدد کے سلسلے میں اب تک 700 افراد کو گرفتار کیاگیا ہے اور ان کے خلاف 170 مقدمے درج کئے گئے ہیں۔ شہر کے مغربی علاقوں میں پیش آئے تشدد کی جانچ کرتے ہوئے ان افراد کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ تشدد کے دوران لاپرواہی کے الزام میں کنگیری کے اے سی پی ستیہ نارائن کدور کا تبادلہ کردیاگیا ہے اور انہیں پولیس کنٹرول روم میں متعین کیاگیا ہے۔