بنگلورو30؍ستمبر(ایس او نیوز) شہر میں دن بدن بڑھتی ہوئی ٹریفک کو قابو میں کرنے کیلئے ریاستی حکومت کیلئے ہر فرد کو ایک ہی کار اور ایک ہی بائیک رکھنے کی پابندی لگانے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ حکومت کی اس پابندی کو عبور کرتے ہوئے اگر کوئی دوسری بائیک یا کار خریدنا چاہے تو اس سے دوہرا ٹیکس وصول کرنے کے منصوبے پر سنجیدگی سے غور کیاجارہاہے۔ بنگلور میں دن بدن بڑھتی ہوئی ٹریفک کو قابو میں کرنے اور گاڑیوں کی تعداد گھٹانے کیلئے یہ انوکھا طریقۂ کار اپنایا جارہا ہے۔شہر بھر میں جابجا ٹر یفک کا دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔اس پر روک لگانے کیلئے محکمۂ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس نے یہ نئی اسکیم رائج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس ضابطہ کے مطابق شہر کے ہر فرد کو ایک بائیک اور ایک کار رکھنے کا اختیار ہوگا۔ دوسری بائیک یا کار خریدنے یا اس کا رجسٹریشن کروانے پر خریدار کو دہرا ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔ یہ ضابطہ صرف نئی گاڑی کیلئے لاگو نہیں ہوگا بلکہ پرانی گاڑیوں کی خریداری کیلئے بھی یہی ضابطہ لاگو رہے گا۔ محکمۂ ٹرانسپورٹ کے اعلیٰ عہدیداروں نے اس حکم کو لاگو کرنے کے سلسلے میں آر ٹی او ، ٹریفک پولیس وغیرہ کے ساتھ میٹنگ کی ہے۔ ان میٹنگوں کے نتیجہ میں حکومت نے مجوزہ ضوابط کو ہری جھنڈی دکھا دی ہے۔ حکومت کا یہ نیا ضابطہ صرف ٹو وہیلروں اور فور وہیلروں پر لاگو ہوگا جن کا استعمال نجی اغراض کیلئے کیاجاتاہے، تجارتی گاڑیوں پر اس طرح کا ضابطہ لاگو کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔