نئی دہلی، یکم اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )عام آدمی پارٹی(آپ)سے نکالے جا چکے لیڈر یوگیندر یادو اور پرشانت بھوشن کل اپنی نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا اعلان کریں گے۔سوراج مہم کے ایک لیڈر نے کہا کہ ہم نے اعلان کیا تھا کہ ہم دو اکتوبر کو پارٹی بنائیں گے، لہذا ہم کل ایسا کریں گے، ہم پارٹی کے نام کا بھی اعلان کریں گے۔اس سے پہلے، 31جولائی کو سوراج ابھیان کے دو روزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یادو نے دو اکتوبر تک نئی سیاسی پارٹی کے آغاز کا اعلان کیا تھا تاکہ ایک متبادل سیاسی گاڑی مہیا کرائی جا سکے۔بعد میں نئی سیاسی پارٹی کے نوشتہ پر غور کرنے کے لئے ایک کمیٹی بنائی گئی تھی۔یادو نے کہا تھا کہ ہم نے سیاست میں جانے کی بات کو کبھی خفیہ نہیں رکھا،ایک سیاسی پارٹی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سیشن میں تقریبا 93فیصدوفود نے سیاسی پارٹی شروع کرنے کی حمایت کی۔بہر حال یادو نے واضح کیا تھا کہ نئی سیاسی پارٹی کے قیام کے بعد بھی سوراج ابھیان قائم رہے گا اور دونوں آزادانہ طور پر کام کریں گے۔تاہم سوراج ابھان نے ان سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا کہ کیا نئی سیاسی پارٹی اگلے سال پنجاب سمیت پانچ ریاستوں میں ہونے جا رہے اسمبلی انتخابات میں قسمت آزمائے گی۔