بھوپال،10؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بھوپال میں آج سے آل انڈیا مسلم پرسنل لا ء بورڈ کی مجلس عاملہ کی میٹنگ شروع ہوگئی ہے ۔ میٹنگ میں شرکت کیلئے سبھی ممبران بھوپال پہنچ چکے ہیں ۔ تاہم اسے قبل بورڈ کی جانب سے مدھیہ پردیش کے بورڈ کے اراکین اور دانشوروں کا ایک اجلاس گزشتہ روز منعقد کیا گیا ۔
اس موقع پر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا ولی رحمانی نے کہا کہ طلاق ثلاثہ پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کا پوری طرح سے استقبال نہیں کیا جا سکتا ہے۔مولا نا ولی رحمانی نے کہا کہ سپریم کا طلاق ثلاثہ پر جو فیصلہ آیا ہے ، وہ صرف طلاق ثلاثہ تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ اس سے شرعی معاملات پر بھی ضرب لگتی ہے اور آئین کی دفعہ 25 میں دیئے گئے اقلیتوں کے حقوق پر کاری ضرب لگتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ طلاق ثلاثہ کے معاملہ تک ہی محدود نہیں ہے، اس فیصلہ کو وسیع تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے ۔ 11ستمبر کو بورڈ کی جانب سے طلاق ثلاثہ کو لے کر بھوپال کے اقبال میدان میں خواتین کے لئے جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔خیال رہے کہ بھوپال میں شروع ہوئی میٹنگ میں طلاق ثلاثہ کے معاملہ میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور ساتھ ہی ساتھ بابری مسجد مقدمہ کو لے کر بھی سپریم کورٹ میں شروع ہونے والی بحث پر بھی بورڈ اپنا موقف طے کرے گا۔