منگلورو یکم / جولائی (ایس او نیوز) محکمہ موسمیات نے ساحلی کرناٹکا کے لئے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے پیشین گوئی کی ہے ۲ جولائی سے ۷ جولائی کے درمیان بادلوں کی گرج اور بجلیوں کے ساتھ انتہائی تیز برسات ہو سکتی ہے اور اس کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلیں گی ۔
محکمہ موسمیات نے آج جو تنبیہ جاری ہے کہ اس میں بتایا گیا ہے کہ ساحلی علاقوں میں ۲، ۵، ۶ اور ۷ جولائی کو بہت ہی انتہائی تیز برسات ہوگی جبکہ ۳ اور ۴ جولائی کو بھاری بارش ہونے کا امکان ہے ۔ اس کے علاوہ اس پورے ہفتے کے دوران طوفانی ہواوں، بجلیوں کی کڑک اور بادلوں کی گرج کا سلسلہ جاری رہے گا ۔
بتایا گیا ہے کہ اتر کنڑا، اڈپی اور دکشن کنڑا میں ۳۰ تا ۴۰ کلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی ۔ جس کے پیش نظر اس عرصے میں عوام کو محتاط اور چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
اسی طرح اندرونی شمالی کرناٹکا میں ۷ جولائی کو اور اندروںی جنوبی کرناٹکا میں ۴ سے ۷ جولائی تک اسی قسم کی تیز برسات اور طوفانی موسم کی پیشین گوئی کی گئی ہے ۔
ریاستی حکومت نے آنے والے دنوں میں بدلتے ہوئے موسم اور تیز برسات کے پس منظر میں ضلع انتظامیہ، ڈیساسٹر منیجمنٹ اتھاریٹیز اور عوام کو چوکنا رہنے تاکید کی ہے ۔
کل دکشن کنڑا میں تعلیمی ادروں کو چھٹی : محکمہ موسمیات کی جانب سے ریڈ الرٹ جاری ہونے کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر دکشن کنڑا کی ضلع انتظامیہ آنگن واڑی مراکز، پرائمری اور ہائی اسکولوں کے علاوہ پی یو کالجوں [بارہویں جماعت تک] کے لئے چھٹی کا اعلان کیا ہے ۔
ضلع ڈپٹی کمشنر درشن ایچ وی نے بتایا کہ محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی اور کرناٹکا اسٹیٹ نیچرل ڈیساسٹر مانیٹرنگ سنیٹر کی جانب سے موجودہ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے امکانات ظاہر کیے جانے پر تعلیمی اداروں کے لئے تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔
اسی کے ساتھ ڈپٹی کمشنر نے والدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو خراب موسم کے دوران نشیبی علاقوں، جھیلوں، دریاوں کے کناروں اور سمندری ساحلوں کی طرف ہرگز جانے نہ دیں ۔ اسی طرح ماہی گیروں کو بھی تاکید کی گئی ہے کہ اس عرصے میں وہ سمندر میں مچھلیوں کے شکار پر بالکل نہ نکلیں ۔ سیاحوں اور عوام کو بھی ندی کے کناروں اور سمندری ساحلوں سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔