ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سپریم کورٹ میں آج کاویری معاملہ پرفیصلہ،ریاست بھر میں سخت حفاظتی انتظامات: پرمیشور

سپریم کورٹ میں آج کاویری معاملہ پرفیصلہ،ریاست بھر میں سخت حفاظتی انتظامات: پرمیشور

Fri, 30 Sep 2016 15:26:10    S.O. News Service

بنگلورو29؍ستمبر(ایس او نیوز) کاویری تنازعہ کے سلسلے میں کل سپریم کورٹ میں سماعت کے پیش نظر ریاست بھر میں سخت پولیس بندوبست کیاگیا ہے۔ یہ بات آج وزیر داخلہ اور کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے بتائی۔ اخباری نمائندوں سے با ت چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پچھلی بار تملناڈو کو کاویری سے پانی فراہم کرنے کے متعلق عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد شہر میں جو پرتشدد واقعات پیش آئے ،ان کے پیش نظر حفاظتی انتظامات سخت کردئے گئے ہیں۔اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہونے پائیں حکومت اس پر خاص توجہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ رواں ماہ کاویری مسئلے پر سپریم کورٹ نے چار فیصلے سنائے ،بدقسمتی سے چاروں بھی کرناٹک کے خلاف گئے۔اس بار توقع کی جارہی ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ کرناٹک کے حق میں ہوگا۔ کاویری مسئلے پر ریاست کی طرف سے پیروی کرنے والے وکیلوں کی طرف سے بھی عدالت کو کرناٹک کے موقف کے متعلق باور کرانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد ہی سہی کاویری معاملے میں مرکزی مداخلت کو انہوں نے خوش آئند قرار دیا۔ وزیر موصوف نے بتایاکہ 12؍ ستمبر کو شہر میں پیش آئے پرتشدد واقعات کے سلسلے میں جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، ان میں سے ایسوں کی نشاندہی کی گئی ہے جنہوں نے عوامی املاک کو نقصان پہنچایا ۔ان کے خلاف ایف آئی آر درج کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شبہ کی بنیاد پر جن بے قصوروں کو گرفتار کیاگیا ہے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔


Share: