نیویارک،یکم اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ اس دوران 25سے 38سینٹی میٹر تک بارشیں ہوں گی جب کہ جمیکا اور جنوب مغربی ہیٹی کے بعض علاقوں میں 63سینٹی میٹر تک بارشوں کی توقع ہے۔سمندری طوفان میتھیوشدت اختیار کر رہا ہے اور متوقع طور پر یہ آئندہ چند دنوں تک کیریبین خطے میں شدید بارشوں کا سبب بنا رہے گا۔امریکی موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ میتھیو طاقتور درجہ پنجم میں داخل ہو چکا ہے اور یہ بحر اوقیانوس میں 2007ء میں آنے والے طوفان فیلکس کے بعد شدید ترین طوفان ہے۔میتھیو طوفان 260کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواوں اور بلند سمندری لہروں کا سبب بنے گا اور یہ صورتحال اتوار کو بھی جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔طوفان اتوار کو دیر گئے جمیکا میں شدید بارشوں کا باعث بنے گا اور پیر کو اس علاقے میں شدید طوفانی ہوائیں چلیں گی۔نیشنل ہوریکین سنٹر کے مطابق ہفتہ کو بحیرہ کیریبین سے ہوتا ہوا یہ طوفان اتوار کو دیر گئے جمیکا سے ٹکرائے گا۔ اتوار کو اس سے ہیٹی بھی متاثر ہو سکتا ہے۔ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ اس دوران 25سے 38سینٹی میٹر تک بارشیں ہوں گی جب کہ جمیکا اور جنوب مغربی ہیٹی کے بعض علاقوں میں 63سینٹی میٹر تک بارشوں کی توقع ہے۔ہوریکین سینٹر کے مطابق ان بارشوں سے سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کا بھی خدشہ ہے۔ہفتہ کو ہی اروبا، بون ایئر اور کوراکاو میں دس سینٹی میٹر جب کہ کولمبیا سے لے کر وینزویلا کی سرحد تک کے علاقوں میں بھی ایسی ہی بارشوں کی توقع ہے۔