رام پور، 18؍اکتوبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اپنے بیانوں کو لے کر سرخیوں میں رہنے والے سماجوادی پارٹی (ایس پی)کے جنرل سکریٹری محمد اعظم خاں نے دعوی کیا ہے کہ تاج محل کو ڈائنامائٹ سے اڑانے کی سازش کی جارہی ہے۔ مسٹر خاں نے آج یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ پورے ملک میں کئی برسوں سے بابری مسجد کو توڑنے کا ماحول بنایا جارہا تھا۔یہ سب کچھ ایک دن میں نہیں ہوا۔عدالت کے حکم امتناعی کے بعد بھی ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بابری مسجد کو گرادیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ کیونکہ تاج محل دنیا کاساتواں عجوبہ ہے،یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا کے دباؤ میں تاج محل کے سلسلے میں لیپا پوتی کی جارہی ہے۔جبکہ حقیقت یہ ہے کہ تاج محل کو ڈائنامائٹ سے اڑایا جاسکتاہے۔واضح رہے کہ بی جے پی رہنما سنگیت سوم نے حال ہی میں تاج محل کو ملک کی ثقافت پر ایک دھبہ قرار دیا تھا ،اس کے بعد تاج کو لیکر بیانوں کی جھڑی لگ گئی۔