کاروار ، 5 / جون (ایس او نیوز) اٹھارویں لوک سبھا الیکشن میں ریاستی سطح پر سب سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے جیت حاصل کرنے والے امیدواروں میں اتر کنڑا حلقے سے بی جے پی کے امیدوار وشویشورا ہیگڑے کاگیری کا نام سر فہرست آ گیا ہے ۔ پہلی مرتبہ پارلیمان کی سیڑھیاں چڑھنے کے لئے جیت پانے والے کاگیری نے کانگریسی امیدوار ڈاکٹر انجلی کے مقابلے میں 3,37,428 ووٹوں کے فرق سے جیت حاصل کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ اس دوڑ میں سب سے زیادہ ووٹ کے فرق سے جیتنے والوں میں بینگلورو رورل حلقے سے بی جے پی امیدوار ڈاکٹر سی این منجو ناتھ کا نام آتا ہے ۔ اس کے بعد بینگلورو نارتھ میں بی جے پی امیدوار شوبھا کرندلاجے دوسرے نمبر پر، منڈیا حلقے سے جے ڈی ایس امیدوار کمار سوامی تیسرے نمبر پر، چوتھے نمبر پر میسورو حلقے سے بی جے پی امیدوار ایدو ویر وڈیار کا نام آتا ہے ۔
اسی طرح ریاستی سطح پر سب سے کم ووٹوں کے فرق سے جیت درج کرنے والے امیدواروں میں داونگیرے حلقے سے کانگریس کی پربھا ملیکا ارجن کا سر فہرست ہے جس نے 26,094 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی ۔ اس کے بعد گلبرگہ حلقے سے کانگریسی امیدورا رادھا کرشنا 27,205 ووٹ، بینگلورو سینٹرل سے بی جے پی امیدوار پی سی موہن 32,707 ووٹ، ہاسن حلقے سے کانگریسی امیدوار شریئس پٹیل 43,512 ووٹ اور چترادرگہ کے بی جے پی امیدوار ڈاکٹر گووند نے 48,121 ووٹوں کے ساتھ بالترتیب دوسرے، تیسرے ، چوتھے اور پانچویں مقام پر اپنا نام درج کیا ہے ۔