نئی دہلی، 10/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) شہر کےاِندرلوک علاقے میں گزشتہ روز واقعہ کے بعدعلاقہ میں یوں تو پوری طرح امن وامان ہے لیکن لوگ پولیس کی کارروائی سے مطمئن نہیں ہیں۔اندر لوک میں پولیس کے اعلیٰ افسران تو تعینات ہیں ہی انہوں نے وہاں فلیگ مارچ کرکے لوگوں سے امن وامان بحال رکھنے اور افواہوں پر دھیان نہ دینے کی اپیل بھی کی۔ اس تعلق سے ڈی سی پی منوج مینا نے اپنی ٹیم کے ساتھ اندر لوک کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ علاقہ کے سماجی کارکنان بھی تھے۔ دوسری جانب شمالی مشرقی ضلع کے ڈی سی پی نے بھی اس حرکت کی مذمت کی اور امن قائم رکھنے کی اپیل بھی کی۔
دوسری طرف اندر لوک کے معاملہ کی گونج دہلی اسمبلی میں بھی سنائی دی جہاں رکن اسمبلی عبدالرحمان نے پولیس اہلکار کی معطلی کوناکافی قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر برخاست کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کے بیان پر آپ کے تمام اراکین نے حمایت بھی کی ۔ دوسری طرف دہلی کانگریس کمیٹی شعبہ اقلیت کی جانب سے ڈی سی پی منوج مینا کو میمورنڈم دیا گیا ۔
ادھر اِندر لوک سمیت مسلم اکثریتی علاقوں میں پولیس کی گشت بڑھادی گئی ہے۔ ااندر لوک میں ڈی سی پی منوج مینا نے پولیس فورس کے ساتھ پورے علاقہ کا پیدل مارچ کیا۔ انہوںنے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ امن و امان بحال رکھنے میں پولیس کے ساتھ تعاون دیں نیز کسی بھی افواہ پر دھیان نہ دیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کے واقعہ کے بعد علاقے میں امن تو ہے لیکن پولیس کی کارروائی سے لوگ مطمئن نہیں ہیں۔