منگلورو ، 13/ مئی (ایس او نیوز) کل شام دکشن کنڑا کے کئی مقامات پر زبردست بارش ہوئی اور بعض مقامات پر اولے گرنے کی بھی خبر ہے ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق سولیا، بیلتنگڈی، دھرمستھلا، اپن انگڈی، پتور، کڈبا، بنٹوال، وٹلا، سبرامنیا، بی سی روڈ وغیرہ میں بھاری بارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلیں ۔ جہاں تک منگلورو شہر کا تعلق ہے، یہاں صرف بادل چھائے رہے اور بارش نہیں ہوئی ۔
پتور میں بہت ہی زیادہ برسات ہوئی اور بڑے بڑے اولے بھی گرے ۔ برسات کی وجہ سے ایلنتھیلا نامی علاقے میں سپاری کے باغات کو نقصان پہنچا ۔ اس کے علاوہ الیکٹری سٹی اور انٹرنیٹ سروس بھی متاثر رہی ۔ ایک گھروں کی سیمنٹ شیٹس کی چھت تیز ہواوں کی وجہ سے اڑنے اور ایک گھر پر درخت گرنے کی وجہ سے جزوی نقصان پہنچنے کے واقعات بھی پیش آئے ۔
مانی - میسورو ہائی وے پر آلیٹی گاوں کے قریب ایک بڑا درخت سڑک پر گر پڑا جس کی وجہ سے تھوڑی دیر کے لئے ٹریفک متاثر ہوئی ۔ کچھ جگہوں پر آسمانی بجلی گرنے اور ناریل کے درخت اکھڑ کر زمین بوس ہونے کی بھی خبریں ملی ہیں ۔ بی سی روڈ اور دیگر علاقوں میں تیز بارش کی وجہ سے ہائی وے پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک میں خلل واقع ہوا ۔