جالندھر،5 /جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پنجاب میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے اب ایک ماہ سے بھی کم وقت رہ گئے ہیں لیکن ضلع کے نو اسمبلی سیٹوں میں سے کانگریس نے صرف دو نشستوں پر امیدواروں کے نام کا اعلان کیا ہے جبکہ اتحادی حکومت میں شامل بی جے پی نے اپنے کوٹے کے کسی بھی سیٹ پر امیدواروں کے نام کا اعلان نہیں کیا۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر اور مرکزی وزیر وجے سامپلا نے کہا تھا کہ دسمبر کے آخر تک ریاست کی تمام 23سیٹوں کے لئے امیدواروں کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا تاہم اس کے بعد جالندھر آئے پارٹی کے قومی ترجمان شاہنواز حسین نے یہاں کہا تھا کہ حکمت عملی بنائی جا رہی ہے اور امیدواروں کے نام کا اعلان جلد ہی کر دیا جائے گا،تاہم اس کے لئے کسی وقت کی حد بتانے سے انہوں نے انکار کر دیا تھا۔ریاست میں شرومنی اکالی دل اور بھارتیہ جنتا پارٹی کا اتحاد ہے۔اتحاد میں بی جے پی کے کھاتے میں 117میں سے 23نشستیں ہیں۔ان میں جالندھر کی تین نشستیں بھی شامل ہیں۔تینوں سیٹوں پر سبکدوش ہونے والے اسمبلی میں بی جے پی کا ہی قبضہ ہے۔ضلع کی باقی 6 سیٹوں پر شد نے اپنے امیدواروں کا اعلان پہلے ہی کر دیا ہے لیکن بی جے پی اب تک ایسا نہیں کر پائی ہے۔دوسری طرف گزشتہ دس سال سے اقتدار سے باہر چل رہی کانگریس نے نو میں سے صرف دو سیٹوں پر ہی امیدوار کا اعلان کیا ہے۔سیاسی ماہرین کے مطابق جالندھر میں نشستوں کے اعلان کے بعد کانگریس میں جم کر بغاوت ہو سکتی ہے۔