بنگلورو،4؍اکتوبر(ایس اونیوز) ریاستی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے دریائے کاویری کا پانی زراعت کیلئے فراہم کرنے کی آڑ میں تملناڈو کو دئے جانے کے سلسلے میں حکومت کے فیصلے پر ا عتراض کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کے اس اقدام سے بی جے پی متفق نہیں ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کل لیجسلیچر اجلاس میں یہی طے ہوا تھاکہ کاویری کا پانی زراعت کیلئے جاری کیا جائے گا نہ کہ تملناڈو کو جاری کرنے کی کوئی بات کہی گئی۔ کاویری مسئلے پر کرناٹک کی پیروی کرنے والے فالی ایس ناریمن کے متعلق جگدیش شٹر نے کہاکہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ ناریمن ملک کے سب سے سینئر اور تجربہ کار وکیل ہیں لیکن پچھلے کچھ دنوں سے وہ کاویری آبی تنازعہ کے سلسلے میں کرناٹک کے مفادات کی حفاظت کرنے میں کچھ نہیں کرپائے۔ جس کی وجہ سے سپریم کورٹ نے ہر بار کرناٹک کے خلاف فیصلے صادر کئے ۔ انہوں نے کہاکہ ناریمن کی طرف سے اگر کاویری معاملے کی صحیح پیروی کی جاتی ہے تو ان کی وکالت پر بی جے پی کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔