کولکاتہ، 3 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بی سی سی آئی نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو دوبارہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ایک پوزیشن حاصل کرنے کے لئے آج مبارکباد دی اور کہا کہ اس سے ٹیم کی غیر ملکی سر زمین پر متاثر کن کارکردگی کا پتہ چلتا ہے جس کی شروعات سری لنکا کے خلاف تاریخی جیت سے ہوئی تھی۔ہندوستان نے آج نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 178رنز سے شکست دے کر آئی سی سی رینکنگ میں سرفہرست مقام حاصل کیا۔بی سی سی آئی صدر انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ میں ہندوستانی ٹیم کو ٹیسٹ کرکٹ میں اس دبدبے والی کارکردگی کے لئے مبارک باد دیتا ہوں،وراٹ کوہلی اور ان کے ساتھیوں کی سری لنکا میں 22سال بعد سیریز میں جیت سے لے کر غیر ملکی زمین پر متاثر کن کارکردگی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں لگتا ہے۔اس گھریلو سیشن میں ہندوستانی شائقین کو دلچسپ میچ دیکھنے کو ملیں گے جس میں ہندوستان انگلینڈ، بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کی میزبانی کرے گا۔بورڈ سیکریٹری اجے شرکے نے کہا کہ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹ کو ہمیشہ ترجیح میں رکھا ہے اورہندوستانی ٹیم کو آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرتے ہوئے دیکھنے سے اچھا اور کیا ہو سکتا ہے۔ہندوستان نے میدان کے باہر اور اندر اعلی معیار طے کئے ہیں اور یہ تمام متعلقہ لوگوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔