بھٹکل 7 جون (ایس او نیوز) بھٹکل کمٹہ اور انکولہ میں صبح سے دوپہر تک ہوئی بھاری بارش کے بعد کاروار سے اطلاع ملی ہے کہ جمعہ شام کو زبردست بارش شروع ہوگئی ہے۔
بھٹکل اور کمٹہ میں صبح سے زور دار بارش سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی تھی، البتہ سہہ پہرہونے تک بارش کم ہوتے ہوتے رُک گئی تھی،
انکولہ سے ملی اطلاع کے مطابق دوپہر سے جاری زوردار بارش کی وجہ سے تعلقہ کے مختلف نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ جبکہ بولےاور ناڈورکرعلاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔ اسی طرح بارش کے نتیجے میں ٹاون میں واقع انگن واڑی میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ اُدھر کاروارسے خبر ملی تھی کہ کاروار میں ہلکی بارش ہورہی ہے، مگر شام ہونے تک کاروار میں بھی زور دار بارش شروع ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ زور دار بارش کے نتیجے میں کاروار کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے جبکہ بارش سے عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے۔
