بھٹکل 21/ ستمبر (ایس او نیوز) مینگلور کے ناگوری نیشنل ہائی وے پر ہوئے ایک سڑک حادثے میں بھٹکل کا ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت احمد ریّان ابن ریاض چنّا (19) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بھٹکل کورٹ کے بالمقابل رہنے والا احمد ریان مینگلور کی سہیادری کالج میں انجینرنگ سکینڈ ائیر میں تھا۔ بتایا گیا ہے کہ وہ کالج سے ہمپن کٹہ کے قریب واقع بھٹکل ہوسٹل آرہا تھا کہ ناگوری نیشنل ہائی وے پر ایک تیز رفتار ٹپّر لاری اس کی بائک سے ٹکراگئی۔ بتایا گیا ہے کہ ٹکر لگتے ہی وہ لاری کے اندر چلا گیا اور پہئے اس کے اوپر سے گذر گئے۔

بتایا گیا ہے کہ موقع پر ہی اُس کی موت واقع ہوگئی مگر قریب آدھے گھنٹے تک اس کی بوڈی سڑک پر ہی پڑی رہی۔ بعد میں پولس نے موقع پر پہنچ کر بوڈی کو مینگلور سرکاری اسپتال (وینلاک اسپتال) پہنچایا۔
مینگلورمیں اس کے ساتھ ہوسٹل میں رہنے والے ایک طالب العلم نے بتایا کہ احمد ریان گذشتہ کچھ دنوں سے ٹیوشن کلاسس جوائنٹ کرنے کی بنا پر تھوڑی تاخیر سے ہوسٹل پہنچتا تھا۔ آج بھی وہ کالج سے فارغ ہوکر ٹیوشن کلاس اٹینڈ کرنے کے بعد ہوسٹل آرہا تھا جس کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا۔
بتایا گیا ہے کہ ان کے والد ریاض چنّا صاحب مسقط میں برسرروزگار ہیں۔ اللہ انہیں اور دیگر پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور احمد ریان کی بال بال مغفرت فرمائے۔ اٰمین
فی الحال میت وینلاک اسپتال میں رکھی گئی ہے پوسٹ مارٹم اور ضروری کاغذی کاروائیوں کے بعد اہل خانہ کے حوالے کی جائے گی۔ مینگلور میں مقیم بھٹکل کے کافی حضرات اس وقت وینلاک اسپتال میں موجود ہیں اور بھٹکل مسلم جماعت مینگلور کے ذمہ داران میت حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔