بھٹکل یکم جون (ایس او نیوز) عیدالاضحیٰ کے ایام قریب آتے ہی بھٹکل سمیت مختلف علاقوں میں سنگھ پریوار کے کارکنان جانوروں کی نقل وحمل کو روکنے کے لئے متحرک ہوجاتے ہیں، اب جبکہ عید الاضحیٰ کے لئے بمشکل پندرہ بیس دن باقی رہ گئے ہیں، بھٹکل میں بی جے پی اور سنگھ پریوارکے کارکن اتنے زیادہ متحرک ہوگئے ہیں کہ ملک میں عائد الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ کی بھی پرواہ نہ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کرکے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر اور بھٹکل ڈی وائی ایس پی کو میمورنڈم پیش کیا ہے۔
بی جے پی اور سنگھ پریوار کے کارکنان نے سنیچر صبح قریب گیارہ بجے تعلقہ سرکیوٹ ہاوس سے ایک احتجاجی ریلی نکالی جو نیشنل ہائی وے سے شمس الدین سرکل کی طرف گھوم کر تعلقہ انتظامیہ عمارت (منی ودھان سودھا) پہنچی ۔ احتجاجیوں نے یہاں عمارت کے داخلی گیٹ پر کچھ دیر کے لئے دھرنے پر بیٹھ گئے اور مطالبہ کرنے لگے کہ تعلقہ میں جانوروں کی اسمگلنگ اور جانوروں کے ذبیح پرروک لگائی جائے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی سنیل نائیک نے کہا کہ ضلع انچارج وزیر نے بھٹکل میں چیک پوسٹوں کو بند کرکے غیر قانونی سرگرمیاں انجام دینے کے لئے سہولیات فراہم کیں ہے، جس کی وجہ سے جانوروں کی نقل وحمل جاری ہے اور بھٹکل سمیت ریاست بھر میں امن و امان کی صورتحال بگڑ تی جارہی ہے۔ سنیل نائک نے کانگریس کواس کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے افسران کو تاکید کی کہ وہ وزیر کے کٹھ پتلی بن کر کام کرنا بند کریں اور اپنا کام شفاف طریقے سے کریں۔ سنیل نائک نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے اندربھٹکل میں قائم چاروں چیک پوسٹوں کو دوبارہ شروع کیا جائے اور گائے کی اسمگلنگ سمیت غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جائے اگر ایسا نہیں کیا گیا تو پھر اس کے نتائج بھگتنے کے لئے تیار رہیں۔

سنیل نائک نے کہا کہ بھٹکل میں لینڈ مافیا کا دھندہ بڑھتا جارہا ہے اور وزیرایسوں کی مدد کررہے ہیں، تعلقہ میں پرانے اتی کرم دار مشکلات کا سامنا کررہے ہیں اور یہاں کے وزیر نے اپنے ہی اسکول کے قریب 2.5 ایکڑجنگلاتی اراضی کوآتی کرم کیا ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا ایک ذمہ دار وزیر کا اس طرح جنگلاتی زمین کا آتی کرم کرنا درست ہے ؟ سنیل نائاک نے سرکاری افسران پر زور دیا کہ وہ فوری آتی کرم کی ہوئی زمین پر سے قبضہ ہٹائیں۔
اس موقع پر مغربی گھاٹ ٹاسک فورس کے سابق صدر گوندانائک اور بی جے پی ڈسٹرکٹ صدر شری کانت نائک نے بھی خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ہمارے کارکنوں کے خلاف کاروائی کی گئی تو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گرچہ ریاست میں گائے کے ذبیحہ پر امتناع کا قانون نافذ ہے لیکن افسران گائے کی اسمگلنگ اور گائے کے ذبیح کو روکنے کے بجائے سرکار کی کٹھ پتلی بن کر کام کررہے ہیں، جو بالکل درست نہیں ہے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا اور ڈی وائی ایس پی مہیش کو میمورنڈم پیش کیاگیا۔
احتجاجی مظاہرہ میں بی جے پی منڈل کے صدر لکشمی نارائن نائک، بی جے پی ریاستی پسماندہ طبقات کے نائب صدر ایشور این نائک، بی جے پی ضلع سکریٹری سبرایا دیوڈایگا
منڈل جنرل سکریٹری سری نواس نائک، دنیش نائک، موہن نائک، سریش نائک، بھاسکر دائمنے ، وشنومورتی ہیگڈے، پرمود جوشی، رگھو نائک اور بہت سے دوسرے لیڈران اور کارکنان موجود تھے۔