بھٹکل 7 جون (ایس او نیوز) بھٹکل مخدوم کالونی ، بندر روڈ اور اسی سے متصل علاقوں میں میونسپالٹی کی طرف سے سپلائی کیا جانے والا پانی بند ہے جس سے علاقہ کے عوام سخت پریشان ہیں۔ یہاں کے مکینوں نے بتایا کہ وہ چھ دن سے میونسپالٹی کا پانی نہ آنے سے 600 اور 700 روپیہ دے کر ٹینک کا پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ پینے کا پانی نہ ہونے کی وجہ سے بعض لوگ اپنے رشتہ داروں کے ہاں منتقل ہوگئے ہیں اور بعض لوگ ہوٹل سے کھانا منگوارہے ہیں۔
اس تعلق سے میونسپالٹی انجینر سے پوچھے جانے پر انجینر نے بتایا کہ پچھلے ڈیڑھ ماہ کے عرصے میں تین الیکٹرک ٹرانسفارمر جل گئے ہیں جس کی وجہ سے پانی سپلائی بند ہوگئی ہے۔ میونسپل انجینر نے بتایا کڈوین کٹہ ڈیم میں واقع دو ٹرانسفارمر جلنے کے بعد اب مخدوم کالونی کا ٹرانسفارمر بھی جل گیا ہے، جیسےہی ٹرانسفارمر درست کیا جائے گا، پانی سپلائی بحال کی جائے گی۔
واقعے کو لے کر ہیسکام حکام سے بات کرنے پر حکام نے بتایا کہ ٹرانسفارمر کو درست رکھنے کے لئے میونسپالٹی حکام کسی بھی طرح کی دیکھ ریکھ maintenance نہیں کررہےہیں، اگر میونسپل حکام ٹرانسفارمروں کی دیکھ ریکھ صحیح ڈھنگ سے کریں گے تو ٹرانسفارمر خراب ہونے کے امکانات نہیں ہیں۔ یہ پوچھے جانےپر کہ اب ٹرانسفارمر کی مرمت کب ہوگی اور پانی کا مسئلہ کب حل ہوگا، ہیسکام انجینر نے بتایا کہ مزید دو چار دن لگ سکتےہیں۔ اُدھر مخدوم کالونی اور بندرروڈ کے عوام سوال کررہے ہٰیں کہ آخر کب تک پیسہ دے کر پانی کا ٹینک خریدنا پڑے گا۔