بھٹکل2؍اکتوبر (ایس او نیوز)بھٹکل بلدیہ کی عام میٹنگ میں شہر میں کچرا نکاسی کا جو مسئلہ بنا ہوا ہے اس کے حل پر زیادہ توجہ دی گئی۔ بلدیہ صدر جناب مٹا صادق نے کہا کہ یہ ہر کاونسلر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے علاقے کو صاف ستھرا رکھنے اور کچرا نکاسی کے نظام کو بہتر انداز میں لاگو کرنے میں دلچسپی لے۔اگر کسی علاقے میں کچرا نکاسی ٹھیک ڈھنگ سے نہیں ہورہی ہے تو کاونسلرس کو چاہیے کہ اس کے لئے ضروری اقدام کریں۔کیونکہ اگر صحیح ڈھنگ سے گھروں سے نہیں ہٹایا جائے گا تو پھر عوام سے کچرا نکاسی کے چارجس وصول کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
کاونسلر وینکٹیش نائک نے کہا کہ ۲؍اکتوبر سے صفائی مہم چلائی جارہی ہے ، مگر اسے صرف ایک پبلسٹی کاذریعہ نہ بناتے ہوئے حقیقی معنوں میں صفائی ستھرائی کا کام انجام دیا جانا چاہیے۔اس مہم میں اگر میونسپل اراکین، سماجی تنظیمیں اور اسپورٹس کلب وغیرہ شامل ہوجاتے ہیں تو پھر ایک ہفتے کے اندر پورے شہر کو پاک و صاف بنایا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر سید سلیم نے کہا کہ نشاط نرسنگ ہوم قریب بنائی گئی نئی سڑک انتہائی خستہ ہوگئی ہے اس لئے اس کی مرمت جلد سے جلد کی جائے۔چیف افیسر کے رمیش نے کہا کہ ۱۵ ؍اگست سے شہر میں پلاسٹک کی تھیلیوں اور دیگر اشیاء پر پابندی عائد کی گئی تھی، لیکن اس کے باوجود دکاندار اس کا استعمال کرتے نظر آرہے ہیں۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو پھر اس کے خلاف ضروری کارروائی کی جائے گی۔کئی اراکین نے مطالبہ کیا کہ بلدیہ دفتر میں پینے کے صاف پانی کا انتظام کیا جائے۔ اس پر صدر بلدیہ نے کہا کہ ٹینڈر طلب کرکے اس کا انتظام جلد ہی کردیا جائے گا۔اجلاس کے آغاز میں منصوبہ بندی کے افسر وینوگوپال شاستری نے حاضرین استقبال۔ نائب صدر کاک محی الدینا اشفاق اور اسٹانڈنگ کمیٹی چیرمین قیصرمحتشم اسٹیج پر موجود تھے۔