بنگلورو،4؍اکتوبر(ایس اونیوز) بدعنوان عناصر کے خلاف اپنی یلغار کو آگے بڑھاتے ہوئے انسداد کرپشن بیورو نے آج پھر ریاست کے مختلف مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے اور بدعنوان سرکاری ملازمین اور افسران کی کارستانیوں کو بے نقاب کیا۔ ایک بی بی ایم پی افسر سمیت پانچ افسران کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے اور ان کے پاس سے غیر قانونی وغیر محسوب منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے ، نقد رقم ، دستاویزات وغیرہ برآمد کئے گئے۔ شہر میں بی بی ایم پی کے ہیلتھ آفیسر کمار ویلو ، بی بی ایم پی ڈی گروپ ملازم ڈی بابو ، ٹمکور کے سوشیل ویلفیر آفیسر سبرامنیا ، بیدر کے پنچایت راج انجینئر جگناتھ ،اور کرناٹکا مائنارٹیز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجر سکندر کے گھروں اور دفاتر پر آج بیک وقت چھاپے مارے گئے۔ بنرگٹہ روڈ پر واقع بلے کلی میں بی بی ایم پی ہیلتھ آفیسر ویلو کے مکان پر دھاوا بولا گیا ، جہاں ان کی متعدد غیر منقولہ املاک کے دستاویزات برآمد کئے گئے، ساتھ ہی ٹاؤن ہال میں اس کے دفتر پر بھی چھاپہ مار کر اے سی بی نے دستاویزات ضبط کرلئے۔ شہر کے ولیمس ٹاؤن میں گرو پ ڈی ملازم ڈی بابو کے مکان پر دھاوا بولا گیا اور اس کے پاس سے کئی اثاثوں کے دستاویزات ، نقد رقم وغیرہ برآمد کئے گئے۔ نندنی لے آؤٹ میں اس کی ملکیت والے ایک مکان کا بھی پتہ لگایا گیا۔ ٹمکور میں محکمۂ سماجی بہبود کے جوائنٹ ڈائرکٹر سبرامنیا کے ٹمکور میں واقع مکان اور دفتر پر چھاپے مارے ، ساتھ ہی داونگیرے میں ان کی بیوی کے مکان پر بھی چھاپے مارے گئے اور غیر قانونی منقولہ اور غیر منقولہ املاک کے دستاویزات ، نقد رقم وغیرہ برآمد کئے گئے۔ بیدر ضلع کے اوراد تعلقہ کے پنچایت راج انجینئر جگناتھ کے مکان پر جو بیدر کے اکا مہادیوی کالونی میں واقع ہے ، اے سی بی نے چھاپہ مارا اور اس کے پاس سے بیدر کے شیونگر روڈ میں ایک بڑے شاپنگ کامپلکس کی ملکیت ، بیدر کے نوباد میں واٹر پیوری فیکشن پلانٹ کی ملکیت کے دستاویزات برآمد کئے۔ مائنارٹیز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجر سکندر کے دفتر واقع وی وی ٹاورس اور شہر کے رحمت نگر میں واقع مکان پر بھی چھاپہ مار کر اے سی بی نے متعدد دستاویزات برآمد کئے ہیں۔ان تمام کی سختی سے جانچ کی جارہی ہے۔