ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بارہمولہ دہشت گرد انہ حملے کو لے کر تذبذب برقرار 

بارہمولہ دہشت گرد انہ حملے کو لے کر تذبذب برقرار 

Tue, 04 Oct 2016 12:23:59    S.O. News Service

سری نگر،3؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بارہمولہ میں کل رات فوج اور بارڈر سیکورٹی فورس کے کیمپ پر دہشت گردانہ حملے کو لے کر الجھن برقرار ہے جسے آج نیم فوجی فورس کے سینئر حکام نے دہشت گردوں کی طرف سے فائرنگ کرکے بھاگ جانے والا حملہ بتایا جس میں بی ایس ایف کا ایک جوان شہید ہو گیا۔ذرائع نے کہا کہ شمالی کشمیر میں جانباز پورہ کے بیرونی حصے میں واقع بی ایس ایف کی 40ویں بٹالین کے جوانوں نے اوپن کچن علاقے کے پاس کچھ مشتبہ نقل و حرکت دیکھی اور اس خدشہ کے ساتھ انہوں نے فائرنگ شروع کر دی کہ ہوسکتاہے کہ دہشت گرد کیمپ میں گھس آئے ہوں ۔فائرنگ سے پڑوس کے فوجی کیمپ میں ہلچل مچ گئی جہاں موجود 46قومی رائفلس کے فوجیوں نے بھی اسی سمت میں فائرنگ شروع کر دی جہاں لگا کہ مشتبہ دہشت گردوں داخل ہوگئے ہیں ۔ذرائع نے کہا کہ سبھی جانب سے فائرنگ جاری رہی اور واضح نہیں ہوسکا کہ کچھ دہشت گرد احاطے میں گھس آئے یا باہر سے فائرنگ ہو رہی ہے۔90منٹ کی فائرنگ کے بعد آسمان میں روشنی کرنے کے لیے الیومنیٹروں کا استعمال کیا گیا لیکن کوئی دہشت گرد نہیں ملا۔سیکورٹی حکام نے کہا کہ دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاکر بھاگنے میں کامیاب ہو گئے۔تاہم پتہ چلا کہ فائرنگ میں بی ایس ایف کے کانسٹیبل نتن اور پلوندر زخمی ہو گئے اور انہیں سری نگر میں اسپتال پہنچایا گیا۔بعد میں نتن کی موت ہو گئی۔ابھی پتہ نہیں چل پایا ہے کہ بی ایس ایف کا جوان دہشت گردوں کی گولی سے شہید ہوا یا اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔گذشتہ 29؍ستمبر کو کنٹرول لائن کے پار دہشت گرد وں کے ٹھکانوں پر ہندوستانی فوج کے سرجیکل حملوں کے بعد تمام سیکورٹی تنصیبات کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ادھم پورمیں واقع شمالی کمان نے آدھی رات کے کچھ وقت بعد ٹوئٹ کیا تھاکہ بارہمولہ میں حالات قابو میں ہیں۔


Share: