ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایل جی نے شہر میں صفائی سے متعلق مسئلے پرجائزہ کے لیے میٹنگ بلائی 

ایل جی نے شہر میں صفائی سے متعلق مسئلے پرجائزہ کے لیے میٹنگ بلائی 

Tue, 27 Sep 2016 10:29:29    S.O. News Service

نئی دہلی ، 26؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا ) لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ نے تینوں میونسپل کارپوریشن کے کمشنروں ،دہلی میونسپل بورڈ کے صدر کو ہدایات دی کہ وہ کل یعنی 27؍ستمبر سے دن میں دو بار ڈھلاؤں کی صفائی کروائیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے میونسپل کارپوریشن کے کمشنروں اور نئی دہلی بلدیہ کے صدر کو ہدایات دی کہ ڈھلاؤں کی صفائی کرنے والوں نے اگر ذرا بھی سستی دکھائی تو ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اور اگر وہ اپنی ڈیوٹی کرنے میں لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہیں ، تو ضرورت پڑنے پر ان کے خلاف مناسب قانونی کاروائی کی جائے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے سبھی ڈپٹی کمشنروں (ریونیو)کو یہ ہدایت بھی دی کہ وہ ایک روسٹر تیار کریں اور اپنے اضلاع میں روزانہ معائنہ بھی کریں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے سبھی ڈپٹی کمشنروں (ریونیو)کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ وہ نجی اسپتا لوں کا دورہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ غریب مریضوں کا علاج ای ڈبلیو اس کوٹہ کے تحت کیا جائے اور اگر ایسا نہیں ہو رہا ہے تو قصورواروں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے۔

غورطلب ہے کہ چکن گنیا، ڈینگو اور ملیریا کے معاملات کو ذہن میں رکھتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے آج شہر میں صفائی سے متعلق معاملوں پر جائزہ اجلاس کے لیے سبھی متعلقہ فریقوں کی اپنی رہائش گاہ پر میٹنگ طلب کی تھی ۔میٹنگ میں دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین، نئی دہلی میونسپل بورڈ کے صدر، تینوں میونسپل کارپوریشنوں کے کمشنر، ڈویژنل کمشنر اورسبھی اضلاع کے ڈپٹی کمشنر (ریونیو)، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (صحت خدمات)اور دہلی حکومت کے کے کئی سینئر افسران شامل ہوئے ۔دہلی کے وزیر صحت نے لیفٹیننٹ گورنر کو معلومات دی کہ سرکاری اسپتا لوں میں روزانہ چار بجے تک اوپی ڈی چل رہی ہے، بخار کلینک اتوار کو بھی کھلی رہتی ہیں اور بخار میں مبتلا مریضوں کے لیے ایمرجنسی خدمات 24گھنٹے دستیاب ہیں۔نئی دہلی بلدیہ کے صدر اور تینوں میونسپل کارپوریشن کے کمشنروں نے ایل جی کو آگاہ کیا کہ بڑے پیمانے پر فوگنگ اور چھڑکاؤکیا جا رہا ہے اور ڈھلاؤں سے کوڑا اٹھانے اور ان کی صفائی کی، کا مپیکٹرس کولگانے کا اور ملبوں کی مناسب کارروائی کا بھی کام معمول کے مطابق کیا جا رہاہے۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کو یہ بھی بتایا کہ گزشتہ ہفتے میں چکن گنیا اور ڈینگو کے معاملات میں کمی آئی ہے۔ڈویژنل کمشنر اور سبھی اضلاع کے ڈپٹی کمشنر نے لیفٹیننٹ گورنر کوبتایا کہ کہ معاشرے کے سبھی طبقوں میں مچھروں سے پیداہونے والی بیماریوں کے معاملات میں بیداری لانے کے لیے آرڈبلیو ایس ،اسکولوں اور اسپتا لوں کے ساتھ باقاعدہ طریقہ سے میٹنگیں کی جا رہی ہیں اور اس سے متعلق بیداری لانے کے لیے جگہ جگہ پمفلیٹ تقسیم کئے جا رہے ہیں۔


Share: