ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایس بی آئی کیخلاف الیکشن کمیشن کو مکتوب، 79 سابق نوکر شاہوں کا کمیشن سے مطالبہ

ایس بی آئی کیخلاف الیکشن کمیشن کو مکتوب، 79 سابق نوکر شاہوں کا کمیشن سے مطالبہ

Sun, 10 Mar 2024 11:41:44    S.O. News Service

نئی دہلی، 10/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) مرکزی اور ریاستی حکومتوں میں اہم عہدوں پر  فائز رہ چکےملک کے ۷۹؍ سابق نوکرشاہوںنے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کراسٹیٹ بینک آف انڈیا کے ذریعہ انتخابی بونڈس کی تفصیلات فراہم کرنے میں بہانے بازی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئین میں موجود دفعہ ۳۲۴؍ کے تحت اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے فوری طور پر ایس بی آئی کو معلومات فراہم کرنے کا حکم جاری کرے۔ ان نوکر شاہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ جب تک اسٹیٹ بینک بونڈس کی تفصیلات فراہم نہیں کرتا تب تک الیکشن کی تاریخوں کا اعلان نہ کیا جائے۔سابق اعلیٰ افسران  نے چیف الیکشن کمشنر  راجیو کمار اور الیکشن کمشنر ارون گوئل کو خط لکھ کرکہا کہ ان کے گروپ کی کوئی سیاسی وابستگی نہیں ہے۔ وہ  غیر جانبداری اور آئین ہند سے وابستگی میں یقین رکھتے ہیں اس لئےیہ مطالبہ کررہے ہیں۔واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشنر بھی  بیوروکریٹس ہوتے ہیں۔

 ان سابق نوکر شاہوں نے اسٹیٹ بینک کے ذریعہ انتخابی بونڈس کی تفصیلات جمع کرنے کیلئے سپریم کورٹ سے۳۰؍ جون تک مہلت طلب کرنے پرسخت ناراضگی کااظہارکرتےہوئے کہا کہ اس وقت تک ملک میں عام انتخابات ختم ہوجائیں گے۔اس خط میں  مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ایس بی آئی کو یہ بتانے میں بھی ۱۷؍دن لگ گئے کہ وہ تفصیلات جمع نہیں کرسکتاجبکہ ایس بی آئی کے پاس ۴۸؍ کروڑ کھاتے ہیں اور وہ ہندوستان کا سب سے بڑے بینک ہونے اور  ڈیجیٹائزیشن کیلئے فخر کا اظہار کرتا ہے۔خط میں مزید کہا گیا کہ آل انڈیا بینکنگ آفیسرز کنفیڈریشن کے سابق جنرل سکریٹری تھامس فرانکو نے اس  بات کا انکشاف کیا  ہےکہ ایس بی آئی نے انتخابی بونڈز اسکیم میں آئی ٹی سسٹم کو فروغ دینے کیلئے مرکزی حکومت سے ۶۰؍ لاکھ روپے کی مددبھی حاصل کی تھی۔ فرانکو نے آر ٹی آئی کے حوالے سے بتایا کہ ایس بی آئی محض ۶؍روز میں ۶؍سال کی مدت میں فروخت کئےگئے بانڈس کی تفصیلات فراہم کرسکتا ہے۔اس کے علاوہ انتخابی بانڈاسکیم کو حتمی شکل دینےکے وقت  فائنانس سیکریٹری رہے سبھاش چندر گرگ نے بتایا کہ ان معلومات کی فراہمی میں  ۱۰؍ منٹ سے زیادہ کا وقت نہیں لگنا چاہئے۔

 خط میں کہا گیا کہ موجودہ لوک سبھا کی میعاد۱۶؍ جون ۲۰۲۴ء تک ہے اور انتخابات کو بروقت مکمل کرانے کیلئے الیکشن کمیشن ۲۷؍مارچ یا اس سے قبل تاریخوں کا اعلان کرسکتا ہےلیکن ایس بی آئی کو الیکشن کے اعلان سے قبل ہی انتخابی بونڈس کی تفصیلات فراہم کرنی چاہئے۔نوکر شاہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ آئین کے آرٹیکل۳۲۴؍ کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کو فوری طور پر معلومات فراہم کرنے کا حکم دے۔ اس خط میں یہ بھی کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے پاس اپنی ساکھ اور اپنی سالمیت کو بحال کرنے کا ایک موقع ہے۔کمیشن کو یہ بھی واضح کرنا چاہئے کہ وہ۲۰۲۴ءکے عام انتخابات کی تاریخوں  کا اعلان اس وقت تک نہیں کرے گا جب تک کہ اسٹیٹ بینک معلومات فراہم نہیں کردیتا۔سابق نوکر شاہوں نے کہا کہ اگر کمیشن اس معاملہ پر خاموش رہتا ہے، تو وہ ہندوستانی رائے دہندگان  کے معلومات کے حق کی خلاف ورزی میں شامل ہوگا۔


Share: