فیض آباد 18؍اکتوبر ( ایس او نیوز) اُترپردیش کے اسپتالوں میں اکسیجن کی کمی سے دوسو سےزائد اہل خانہ کی زندگی کے دئے گل ہوگئےتھے، مگر اب اسی ریاست میں دیوالی پر 134کروڑروپئے خرچ کرنے کا یوگی حکومت نے منصوبہ بنایا ہے۔ بچوں کی مبینہ ہلاکت پر کئی متنازعہ بیان بھی سامنے آئے تھے جس میں یوپی کے وزیر صحت نے کہا تھا کہ اگست میں بچے یوں ہی فوت ہوتے ہیں؛ لیکن تعجب ہے کہ جن رام بھکتوں کی شمع حیات گل ہوئی تھی آج اسی رام کی خوشی اور رضامندی کیلئے1.75 لاکھ (ایک لاکھ پچھتر ہزار) دئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سریو ندی کے کنارے روشن کردئے ہیں۔
ایودھیا میں دیوالی کی تقریب کے دوران اُترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ نے بتایا کہ ملک اور دنیا کو دیوالی منانے کا موقع ایودھیا نے فراہم کیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ دیوالی میں یوگی سرکار نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے جس کے مطابق ایک لاکھ پچھتر ہزار شمعیں روشن کی گئی، شمع کو روشن کرنے کے لئے قریب دو ہزار لیٹر تیل کے خرچ ہونے کا امکان جتایا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس عظیم الشان دیومالائی تقریب کے اہتمام اور قدیم دیومالائی مقامات کی تزئین کاری میں 134کروڑ روپے یوگی سرکار خرچ کررہی ہے۔ واضح ہو کہ یہ وہی یوپی ہے جہاں آکسیجن کے بغیر دو سو سے زائد بچوں کی ہلاکت ہوئی تھی اوران کے اہل خانہ کی زندگی کے دیئے ہمیشہ کیلئے گل ہوگئے تھے۔
ایودھیا میں دیوالی کی تقریب میں یوگی نے رام کی سواری کا استقبال کرنے اور رام کی آرتی اُتارنے کے بعد کہا کہ ریاست کی ترقی کے ساتھ ساتھ ہم رام راجیہ کے قیام کے لئے بھی جد و جہد کر رہے ہیں ، ان کے بقول نریندر مودی کی قیادت میں ملک تیزی کے ساتھ ترقی کررہا ہے ہمیں گندگی سے پاک بھارت بنانے پر کام کرناہوگا ۔ انہوں نے اپوزیشن اور سابقہ حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ پہلے یہاں راون راج تھا اب رام راج ہے ، یوگی کے مطابق رام راج اس کو کہتے ہیں جہاں کوئی بھید بھاؤ اور منافات نہ ہو یوگی نے مزید کہا کہ ایودھیا میں گھاٹوں کی تزئین کاری کیلئے سرکار اپنے طور پر کوشش کر رہی ہے ۔