ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انڈیا اتحاد کی پارٹیوں کی میٹنگ، کم از کم 295 سیٹوں پر جیت درج کرنے کا دعویٰ ؛ مرکز میں بنے گی انڈیا الائنس کی حکومت

انڈیا اتحاد کی پارٹیوں کی میٹنگ، کم از کم 295 سیٹوں پر جیت درج کرنے کا دعویٰ ؛ مرکز میں بنے گی انڈیا الائنس کی حکومت

Sun, 02 Jun 2024 14:00:37    S.O. News Service

نئی دہلی، 2/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے انڈیا  الائنس کی میٹنگ کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ  مرکز میں انڈیا الائنس کی حکومت بنے گی اور اس بار کے انتخابات میں انڈیا اتحاد 295 سیٹوں پر جیت درج کرنے جارہی ہے۔

کھرگے کی رہائش پر  منعقدہ  انڈیا اتحاد کے سرکردہ لیڈران کی میٹنگ کے بعد ملکارجن کھڑگے نے  کہا کہ ’’میٹنگ تقریباً 2.30 گھنٹے تک چلی۔ ہم نے کئی اہم نکات پر گفتگو کی۔ ہمیں ووٹ شماری کے دن کیسی پالیسی رکھنی ہے، اس پر بھی سبھی پارٹیوں کے ساتھ بات چیت ہوئی۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ ’’میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا  کہ  ایگزٹ پول پر ہونے والے مباحثوں میں انڈیا اتحاد کے لیڈران شرکت کریں گے تاکہ بی جے پی اور اس کے نظام کو بے نقاب کیا جا سکے۔‘‘

بتایا گیاا ہے کہ  اس میٹنگ  انڈیا اتحاد میں شامل 23 پارٹیوں کے لیڈروں نے شرکت کی۔

؎میٹنگ میں سونیا گاندھی، راہل گاندھی ، کے سی وینو گوپال ، پرینکا گانڈھی ، اکھلیش یاد و ، پروفیسر رام گوپال یادو، شرد پوار ، اروند کیجریوال ، بھگونت مان ، سنجے سنگھ ، راگھو چڈھا، ٹی آر بالو، تیجسوی یادو، چمپئی سورین، کلپنا سورین، فاروق عبداللہ ، ڈی راجہ، سیتا رام یچوری  اور انل دیسائی وغیرہ نے شرکت کی۔ 

 کھرگے کے مطابق ہمیں اس بات کا علم ہے کہ اگزٹ پول پر بی جے پی اور ان کے ساتھی بہت سے دعوے کریں گے لیکن سچائی یہی ہے کہ ۴؍ جون کو جب نتیجے آئیں گے تو بی جے پی والوں کے ہاتھوں سے طوطے اڑ جائیں گے۔ ہم نے اپنے اپنے کیڈر کو الرٹ رہنے اور ہر طرح سے عوام کے درمیان رہنے کی ہدایت دی ہے۔

ملکارجن کھرگے نے کہاکہ ہم ۲۹۵ ؍سے زیادہ سیٹیں  جیت رہے ہیں ۔ہم نے سبھی لیڈران سے اس حوالے سے پوچھا تھا جس کے بعد یہ اعداد وشمار سامنے آئے کہ ہماری سیٹیں ۲۹۵؍ سے کم نہیں ہوں گی۔ اس میں تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں ہے کیو نکہ یہ عوام کا فیصلہ اور سروے ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری سروے تو ہوتے ہی ہیں، ان کے پاس اعدادوشمار بنانے  اور بگاڑنے کے تمام وسائل ہیں۔ ان کے میڈیا کے لوگ بھی وہی بتاتے ہیںمگر اصل سروے عوام کا ہے اور اصل فیصلہ بھی عوام ہی کریں گے۔ کھرگے کے مطابق عوام فیصلہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے اپنے اعداد وشمار کے تعلق سے یہ بھی کہاکہ ہم اپنے اس نمبر کے تعلق سے الیکشن کمیشن سے بھی ملاقات کریں گے اور انہیں آگاہ کرائیں گے کہ اس میں گڑبڑ کی جاسکتی ہے اس لئے ہم اپنی شکایت کمیشن سے کریں گے تاکہ کمیشن اس تعلق سے کوئی آرڈر اپنے افسران کو جاری کرے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میٹنگ میں سبھی سینئر لیڈرشامل ہوئے اور سبھی نے غور کرکے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ اکثریت انڈیا اتحاد ہی  کو  ملے گی۔ انہوںنے یہ بھی کہاکہ ہم نے اپنے کارکنوں کو ہدایت دی ہے کہ جب تک گنتی کا عمل مکمل نہ ہوجائے اس وقت تک سینٹر سے باہر نہ نکلیں۔  واضح رہے کہ لوک سبھا الیکشن کا عمل  پورا ہونے کے بعد اب سبھی پارٹیاں ۴ ؍ جون کا بے صبری سے انتظار کررہی ہیں۔ انتظار سے پہلے اگزٹ پول کی دکانیں سجنے لگی ہیں۔ میڈیا گھرانے اپنی اپنی وفاداری کا حق ادا کرنے کیلئے اگزٹ پول دکھا کرماحول تیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ایسے میں انڈیا اتحاد نے میڈیاوالوں کے اگزٹ پول کو درکنار کرکے دعویٰ کیا ہے کہ اصل فیصلہ عوام کا ہے۔


Share: