جکارتہ،5جنوری(آئی این ایس انڈیا)آسٹریلیا کی جانب سے آج بروز جمعرات کہا گیا ہے کہ کینبرا اور جکارتہ حکومتوں کے مابین تنازعے اور عسکری روابط کی معطلی کا سبب بننے والے واقعے کی تحقیقات تقریباً مکمل ہو چکی ہیں۔ قبل ازیں انڈونیشیا نے آسٹریلیا کے ساتھ فوجی تعاون غیر معینہ مدت تک کے لیے معطّل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انڈونیشی فوج کے ترجمان میجر جنرل وُریانتو کے مطابق آسٹریلیا کے خصوصی دستوں کی ایک چھاؤنی میں ایک انڈونیشی تربیت کار کو ایک ایسی دستاویز دکھائی گئی، جو توہین آمیز تھی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس دستاویز میں انڈونیشیا کے مذہبی ریاستی نظریے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ سن دو ہزار تیرہ میں دونوں ملکوں نے فوجی تعاون بڑھانے کا آغاز کیا تھا۔ اس سے پہلے سن دو ہزار نو میں انڈونیشیا نے جاسوسی کرنے کی وجہ سے آسٹریلیا کے ساتھ تعاون اور تعلقات کو محدود کر دیا تھا۔