نیویارک،22مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی ریاست انڈیانا کی نوٹرے ڈیم یونیورسٹی کے درجنوں طلبا نے نائب صدر مائیک پینس کی تقریر شروع ہونے پر احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔ یہ طلبا واشنگٹن حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ خاموشی کے ساتھ واک آؤٹ کرنے والے طلبا کی تعداد دو ہزار کے قریب بتائی گئی ہے۔ طلبا کے مطابق وہ امریکی صدر ٹرمپ کی شہری آزادیوں اور سفری پابندیوں کی پالیسیوں پر اعتراض رکھتے ہیں۔ نوٹرے ڈیم یونیورسٹی امریکا میں ایک اہم کیتھولک یونیورسٹی تصور کی جاتی ہے۔ امریکی نائب صدر انڈیانا کے سابق گورنر رہ چکے ہیں۔ وہ اسی ریاست میں پیدا ہوئے تھے اور بارہ برس تک کانگریس کے ایوان نمائندگان میں ریاست کی نمائندگی کر چکے ہیں۔