ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اخبار کو خوفزدہ کرنے کے لئے پولیس نے رپورٹر کو گرفتار کیا ہے: عبدالسلام پُتّگے

اخبار کو خوفزدہ کرنے کے لئے پولیس نے رپورٹر کو گرفتار کیا ہے: عبدالسلام پُتّگے

Sun, 10 Sep 2017 19:07:08    S.O. News Service

منگلورو ،10؍ستمبر (ایس او نیوز) بنٹوال پولیس کے ذریعے وارتا بھارتی کے رپورٹر کوگرفتار کیے جانے پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے وارتا بھارتی اخبار کے چیف ایڈیٹر عبدالسلام پُتّگے نے کہا ہے کہ پولیس نے یہ اقدام اخبار کو خوفزدہ کرنے کی نیت سے کیا ہے۔

خیال رہے کہ شرتھ مڈیوال قتل کے ملزم قلندر کے گھر پر چھاپے دوران پولیس کے ہاتھوں قرآن کی مبینہ بے حرمتی کی جو رپورٹ وارتابھارتی میں شائع کی گئی تھی اس کی بنیاد پر بنٹوال سے اخبار کے رپورٹر امتیازتُومبے کوجمعرات کی شام کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔اس تعلق اخبار کی طرف سے جاری بیان میں عبدالسلام نے کہا ہے کہ گرفتاری سے قبل ایڈیٹر کو یا رپورٹر کو پولیس یا کسی بھی محکمے کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں دیا گیا۔گرفتار نامہ نگار کوکچھ اس طرح عدالت میں پیش کیا گیا کہ ضمانت حاصل کرنے کا موقع نہ رہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شرتھ مرڈر کیس کے ملزم قلندر کے گھر والوں نے چھاپے کے دوران پولیس کے غیر ذمہ دارانہ کردار کا جو الزام لگایا تھا اس کی رپورٹ ۳ ستمبر کے اخبار میں چھپی تھی۔ پولیس ایس پی کی طرف سے ان الزامات کی تردیدکو ۴ ستمبر کے اخبارمیں اہمیت کے ساتھ شائع کردیا گیا تھا۔چیف ایڈیٹر عبدالسلام کے مطابق"گزشتہ کچھ مہینوں سے بنٹوال تعلقہ میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بگاڑنے میں لگی ہوئی کچھ سیاسی شخصیات اور حالات کو قابو میں رکھنے میں پولیس کی ناکامی کے خلاف اخبار میں کئی رپورٹس اور ایڈیٹوریلس شائع ہوئے تھے۔ اور عوام نے اسے بہت سراہاتھا۔اور یہی چیز سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والوں اور پولیس کی ناراضی کا سبب بن گئی ہے۔اس لئے ہمارا منھ بند کرنے کے لئے اخبار کے رپورٹر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ "

عبدالسلام کے مطابق" صحافی کی گرفتاری اخبار نویسی کے معاملے میں ناجائز مداخلت ہے۔ ہماری آوازاورشخصی آزادی کو دبانے کی کوشش ہے۔عوام کو معلومات حاصل کرنے کے حق سے محروم کرنا بھی ہے۔"


Share: