منگلورو ، 8 / اپریل (ایس او نیوز) عآپ لیڈر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف عآپ نے جو ملک گیر بھوک ہڑتال کا اعلان کیا تھا اس کے مطابق دکشن کنڑا عآپ یونٹ کی طرف سے منگلورو میں بھی بھوک ہڑتال کی گئی ۔
منگلورو ودھان سودھا کے سامنے صبح سے شام تک کی گئی اس بھوک ہڑتال کے دوران انڈیا بلاک کے مشترکہ کانگریسی امیدوار پدما راج آر نے موقع پر پہنچ کر اس بھوک ہڑتال میں عآپ کارکنان کا ساتھ دیا ۔ اس موقع پر کانگریس کے ریاستی ترجمان ایم جی ہیگڑے، لیگل سیل کے انچارج منوراج راجیو بھی پدما راج کے ساتھ موجود تھے ۔
اس موقع پر بولتے ہوئے عآپ کے ضلع صدر وشو کمار نے کہا کہ مرکز میں اس وقت انتہائی بدعنوان حکومت بر سر اقتدار ہے ۔ دیش کو مکمل طور پر تباہ کرنے والی سرکار ہے ۔ جو لوگ اس کے خلاف بولتے ہیں اور اس کی بدعنوانی پر سوال اٹھاتے ہیں انہیں ختم کرنے کا کام بی جے پی کر رہی ہے ۔ ایسی بی جے پی کو الیکشن میں عوام کی طرف سے سبق سکھایا جائے گا ۔