بنگلورو، 24/اپریل (ایس او نیوز ) کرناٹک کی کانگریس حکومت نے ریاست کے مسلمانوں کو ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں ریزرویشن دینے کے مقصد سے او بی سی (یعنی دیگر پسماندہ طبقات) کے زمرے میں شامل کیا ہے۔ اس تعلق سے معلومات فراہم کرتے ہوئے نیشنل کمیشن برائے پسماندہ طبقات (NCBC) نے بدھ کو کرناٹک حکومت کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کرناٹک حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق، کرناٹک کے مسلمانوں کی تمام ذاتوں اور برادریوں کو ریاستی کانگریس کی حکومت کے تحت ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں ریزرویشن کے لیے او بی سی (Other Backward Class) کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
قومی کمیشن برائے پسماندہ طبقات نے بتایا کہ اعداد و شمار کے مطابق کرناٹک میں مسلمانوں کی آبادی 12.92 فیصد ہے۔ "کیٹیگری 2Bکے تحت، کرناٹک کے تمام مسلمانوں کو OBC کےزُمرے میں رکھا گیا ہے۔ کمیشن نے کہا کہ زمرہ 1 میں 17 مسلم کمیونٹیز کو او بی سی سمجھا گیا ہے جبکہ 19 مسلم کمیونٹیز کو زمرہ 2A میں او بی سی سمجھا گیا ہے۔
زمرہ 1 میں جن 17 مسلم کمیونٹیز کو او بی سی سمجھا گیا ہے ان میں نداف، پنجار، درویش، چپربند، قصاب، پھولمالی (مسلم)، نالابند، قصائی ، اٹاری، شیکلیگرا، سیکلیگر، سلابند، لداف، ٹھکا نگر، باجی گرہ، جوہری اور پنجاری شامل ہیں۔