ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / الیکٹورل بانڈ معاملہ پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعدکانگریس قائد نے کہا؛ بدعنوانیوں اور گھوٹالوں کی قلعی کھلنے کی یہ پہلی سیڑھی ہے

الیکٹورل بانڈ معاملہ پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعدکانگریس قائد نے کہا؛ بدعنوانیوں اور گھوٹالوں کی قلعی کھلنے کی یہ پہلی سیڑھی ہے

Mon, 11 Mar 2024 17:27:13    S.O. News Service

نئی دہلی، 11/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) الیکٹورل بانڈ سے متعلق تفصیلات جمع کرنے کے لیے ایس بی آئی نے سپریم کورٹ سے چند ماہ کا وقت طلب کیا تھا، لیکن آج پیر کو اس معاملے کی  سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے ایس بی آئی کو  زوردار پھٹکار لگاتے ہوئے  حکم صادر کیا ہے کہ مکمل تفصیلات 24 گھنٹے کے اندر یعنی 12 مارچ تک داخل کر دی جائے۔عدالت کے اس فیصلے کے بعد کانگریس نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے اس تعلق سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے اپنے پوسٹ میں لکھا  کہ ’’الیکٹورل بانڈ شائع کرنے کے لیے ایس بی آئی کے ذریعہ ساڑھے چار ماہ مانگنے کے بعد صاف ہو گیا تھا کہ مودی حکومت اپنے سیاہ کارناموں پر پردہ ڈالنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔لیکن آج کے عزت مآب سپریم کورٹ کے فیصلے سے ملک کو جلد الیکٹورل بانڈ سے بی جے پی کو چندہ دینے  والوں کی فہرست کا پتہ چلے گا۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’مودی حکومت کی بدعنوانیوں، گھوٹالوں اور لین دین کی قلعی کھلنے کی یہ پہلی سیڑھی ہے۔‘‘

اپنے پوسٹ میں ملکارجن کھرگے نے آگے لکھا ہے کہ ’’اب بھی ملک کو یہ نہیں پتہ چلے گا کہ بی جے پی کے چنندہ سرمایہ دار چندہ دہندگان کس کس ٹھیکے کے لیے مودی حکومت کو چندہ دیتے تھے۔ اس کے لیے عزت مآب سپریم کورٹ کو مناسب ہدایت دینی چاہیے۔‘‘ ساتھ ہی کھڑگے لکھتے ہیں کہ ’’میڈیا رپورٹس سے یہ تو ظاہر ہوا ہی ہے کہ بی جے پی کس طرح ای ڈی-سی بی آئی-آئی ٹی چھاپہ ماری کے ذریعہ جبراً چندہ وصولتی تھی۔‘‘ آخر میں انھوں نے سپریم کورٹ کے ذریعہ آج ایس بی آئی کو دی گئی ہدایت کے تعلق سے لکھا ہے کہ ’’سپریم کورٹ کا فیصلہ شفافیت، جوابدہی اور جمہوریت میں برابری کے موقع کی جیت ہے۔‘‘


Share: