ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پہاڑی علاقوں میں ویسٹرن ڈسٹربنس متحرک، بارش کا الرٹ جاری

پہاڑی علاقوں میں ویسٹرن ڈسٹربنس متحرک، بارش کا الرٹ جاری

Wed, 26 Feb 2025 10:49:28    S O News

نئی دہلی ، 26/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ملک بھر میں ان دنوں موسم کے مزاج میں تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے تازہ اپڈیٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ویسٹرن ڈسٹربنس کے اثر سے موسم میں اتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملے گا۔ اگلے تین دنوں تک دہلی میں کہیں ہلکی تو کہیں بہت ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ آج دن بھر آسمان پر بادل چھائے رہ سکتے ہیں، جبکہ رات میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

اگر اتر پردیش کے موسم کی بات کریں تو یہاں بھی ہلکی ٹھنڈ دیکھنے کو ملی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آ سکتی ہے۔ وہیں 27 فروری سے ریاست میں بارش ہونے کے آثٓار ہیں۔ یہ بارش اگلے دو دنوں تک جاری رہ سکتی ہے۔

مغربی یوپی کے نوئیڈا، غازی آباد، شاملی، باغ پت، میرٹھ، مظفرنگر، سہارنپور، بجنور، امروہا، ہاپڑ اور مراد آباد میں آواز اور چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ یکم مارچ کو بھی ریاست میں بارش کا امکان ہے۔ ساتھ ہی بادل گرجنے اور بجلی چمکنے کا الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آج اتراکھنڈ کے پوڑی، پتھورا، باگیشور، اُترکاشی، چمولی، رودرپریاگ، ٹہری، دہرہ دون اور الموڑا میں گرج اور چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق پہاڑی علاقوں میں فعال ہوئے ویسٹرن ڈسٹربنس کا اثر راجستھان کے موسم پر بھی دیکھنے کو ملے گا۔ یہاں 28 فروری کو بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے اروناچل پردیش میں آندھی-طوفان کے ساتھ بارش ہونے کے پیش نظر یلو الرٹ جاری کیا ہے۔

واضح رہے کہ جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں منگل کو موسم کے مزاج میں تبدیلی دیکھنے کو ملی۔ تینوں ہی ریاستوں کے پہاڑی علاقوں میں برفباری اور بارش ہوئی۔ جنوری اور فروری میں ہوئی کم برفباری اور بارش کے درمیان اس سے کچھ راحت ملی ہے۔ محکمہ موسمیات نے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے تین سے چار دن تک تینوں ریاستوں میں برفباری اور بارش جاری رہے گی۔


Share: