نئی دہلی ، 20/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)'ویسٹرن ڈسٹربینس' کے اثرات کی وجہ سے شمالی ہند میں بارش اور پہاڑی ریاستوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا۔ پاکستان کے قریب ایک ویسٹرن ڈسٹربینس فعال ہے، جب کہ دوسرا ایران کے قریب موجود ہے۔ اسی دوران راجستھان میں پاکستانی سرحد کے قریب ایک سائیکلونک سرکولیشن بھی موجود ہے، جس کے اثرات سے مغربی ہمالیائی علاقوں میں 23 جنوری تک بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران موسم کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
22 اور 23 جنوری کو پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی، شمالی راجستھان و مغربی اتر پردیش میں گرج-چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ وہیں جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں برفباری اور بارش کا سلسلہ بنا رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج تمل ناڈو، پڈو چیری اور کرائیکل میں کچھ مقامات پر بارش ہوگی اور بجلی گرنے کا بھی امکان ہے جبکہ آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ کے الگ الگ علاقوں میں گھنا کہرا چھایا رہے گا۔ 23 جنوری کو ہماچل پردیش کے کچھ مقامات پر 'کولڈ ڈے' کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک کے میدانی علاقوں میں سب سے کم درجہ حرارت پنجاب کے امرتسر میں درج کیا گیا۔ یہاں کم سے کم درجہ حرارت 4٫8 ڈگری سیلسیس رہا۔ اتر پردیش، مغربی راسجتھان، پنجاب اور مغربی مدھیہ پردیش میں گھنے سے گھنا کہرا دیکھنے کو ملا۔ یہاں حد نگاہ 50 میٹر سے بھی کم رہی۔
تمل ناڈو کے ساحل پر شمال-مشرقی ہواؤں کی وجہ سے بھاری بارش ہوگی۔ کیرالہ اور ماہے میں بھی شدید بارش کے آثار ہیں۔ ساحلی تمل ناڈو، پڈوچیری میں الگ الگ مقامات پر آندھی طوفان آنے اور بجلی گرنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو صلاح دی ہے کہ کومورین علاقے اور اس سے لگے منار کی خلیج، جنوبی سری لنکا کے ساحل پر نہ جائیں۔ جنوب مغربی خلیج بنگال سے بھی دور رہنے کے لیے الرٹ کیا گیا ہے۔