ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بہار: تیجسوی یادو کا دعویٰ، 2025 کا بجٹ نتیش حکومت کا آخری بجٹ

بہار: تیجسوی یادو کا دعویٰ، 2025 کا بجٹ نتیش حکومت کا آخری بجٹ

Mon, 03 Mar 2025 11:01:23    S O News

پٹنہ،3/  مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)پٹنہ میں بہار کے اپوزیشن لیڈر اور آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے اتوار (2 مارچ) کو نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 'کاریہ کرتا درشن سہ سنواد کاریہ کرم' کے دوران کارکنوں اور عوام سے ملاقات کی، جہاں انہیں معلوم ہوا کہ مہنگائی کی وجہ سے خواتین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ اس مسئلے کے پیش نظر، انہوں نے اعلان کیا کہ اگر آر جے ڈی اقتدار میں آئی تو 'مائی بہن یوجنا' کا آغاز کیا جائے گا، جس کے تحت خواتین کو ہر ماہ 2500 روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔

تیجسوی یادو نے بجٹ کے حوالے سے کہا کہ کل (3 مارچ) کو بہار کا بجٹ آئے گا۔ گورنر کا خطاب ہوا، پتہ ہی نہیں چلا کہ وہ کس طرح کی باتیں کہہ رہے ہیں۔ مرکزی حکومت بہار کے ساتھ سوتیلا سلوک کر رہی ہے۔ بجٹ میں حکومت ہماری بات رکھے۔ سوشل سیکورٹی پنشن 400 روپے ہے، جو ملک کے دیگر ریاستوں کے مقابلے بہار میں سب سے کم ہے، اس کو 1500 روپے کیا جائے، مہنگائی سب سے زیادہ ہے۔ بجٹ جو کل آئے گا اس میں یہ اعلان کریے کہ ہر ماہ خواتین کو 2500 روپے دیا جائے گا۔

تیجسوی یادو نے یہ بھی کہا کہ کل نتیش حکومت کا آخری بجٹ ہے۔ ہماری کوشش رہے گی ہمارے مطالبات کو بجٹ میں شامل کیا جائے۔ بجٹ میں بہار حکومت اعلان کرے کہ گیس سلینڈر 500 روپے میں ملے گا۔ ذات پر مبنی مردم شماری کے بعد اقتصادی سروے میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ 94 لاکھ غریب فیملی ہیں۔ ان غریب فیملی کو حکومت 2-2 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرے۔ علاوہ ازیں تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار میں عظیم اتحاد کی حکومت میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کے بعد ریزرویشن کا دائرہ بڑھایا گیا تھا، لیکن عدالت نے اسے منسوخ کر دیا۔ مرکزی حکومت نے بڑھے ہوئے ریزرویشن کو آئین کے 9ویں شیڈول میں شامل نہیں کیا اور نہ ہی نتیش کمار اسے مرکزی حکومت سے کرا پائے۔ ریزرویشن کا دائرہ بڑھانے کی تجویز پاس کی جائے، ہم حمایت کریں گے۔

تیجسوی یادو نے بی جے پی کو ریزرویشن چور پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذات پات پر مبنی مردم شماری کی بنیاد پر کل بجٹ پیش کیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ بجٹ اجلاس میں بہار حکومت کو بے نقاب کریں گے، وہ بھی اعداد و شمار کے ساتھ۔ بہار حکومت 15 سال پرانی بے کار گاڑی ہے۔ لوگ نئی اور تیز کاروں میں سواری کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم مودی جتنی بار چاہیں آ جائیں۔ عوام بہار اسمبلی انتخاب میں این ڈی اے حکومت کو اچھا سبق سکھائے گی۔

قابل ذکر ہے کہ جب تیجسوی یادو سے پوچھا گیا کہ این ڈی اے میں وزیر اعلیٰ کے چہرے کا فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ بی جے پی یہ واضح نہیں کر رہی ہے کہ حکومت بننے کے بعد نتیش دوبارہ وزیر اعلیٰ بنیں گے یا نہیں۔ اس پر انہوں نے کہا کہ ’’بی جے پی اپنے اتحادیوں کے ساتھ کیا کرتی ہے؟ یہ دنیا جانتی ہے۔ 2022 میں جب نتیش بی جے پی چھوڑ کر ہمارے پاس آئے تو وہ کہہ رہے تھے کہ بی جے پی میری پارٹی کو توڑ رہی ہے۔‘‘


Share: