ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں تنظیم ملیہ مسجد کی تجدید و توسیع کے بعد شاندار افتتاح؛ داخلی خوبصورتی فنِ تعمیرات کا شاہکار؛کرناٹک کی دوسری سب سے بڑی مسجد

بھٹکل میں تنظیم ملیہ مسجد کی تجدید و توسیع کے بعد شاندار افتتاح؛ داخلی خوبصورتی فنِ تعمیرات کا شاہکار؛کرناٹک کی دوسری سب سے بڑی مسجد

Thu, 10 Apr 2025 11:28:07    S O News
بھٹکل میں تنظیم ملیہ  مسجد  کی تجدید و توسیع  کے بعد شاندار افتتاح؛  داخلی خوبصورتی فنِ تعمیرات کا شاہکار؛کرناٹک کی دوسری سب سے بڑی مسجد

بھٹکل، 10 اپریل (ایس او نیوز): بھٹکل نوائط کالونی میں واقع تنظیم ملیہ  مسجد کی تجدید و توسیع شدہ عظیم الشان عمارت کا افتتاح 10 اپریل کو بڑے تزک و احتشام کے ساتھ عمل میں آیا۔ جدید طرزِ تعمیر اور دلکش فنِ کاری کی حامل یہ مسجد دیکھنے والوں کو حیرت میں ڈال دیتی ہے۔ اس کی کشادہ فضا اور خوبصورت بناوٹ نہ صرف آنکھوں کو خیرہ کرتی ہے بلکہ روح کو بھی سکون بخشتی ہے۔ ایک وقت میں دس ہزار نمازیوں کے لیے گنجائش کی بنا پر اسے ریاست کرناٹک کی دوسری سب سے بڑی مسجد قرار دیا جا رہا ہے۔ بنگلور کی سٹی جامع مسجد، جہاں دس سے گیارہ ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے، کے بعد یہ مسجد اپنی وسعت اور سہولتوں کے لحاظ سے نمایاں مقام رکھتی ہے۔

نوائط کالونی نیشنل ہائی وے سے بالکل قریب اس مسجد کی ابتدائی تعمیر 1962 میں ہوئی تھی، اور صرف دو سال کے اندر اسے جمعہ مسجد کا درجہ دے دیا گیا تھا۔ وقت کے ساتھ ساتھ بھٹکل اور اس کے اطراف کے علاقوں، بالخصوص نوائط کالونی، آزاد نگر، اور کارگیدے میں آبادی میں اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں مسجد میں نمازیوں کی تعداد بھی مسلسل بڑھتی گئی۔ جمعہ اور دیگر اہم مواقع پر جگہ کی تنگی شدت سے محسوس کی جانے لگی، جس کے پیش نظر مسجد کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ تقریباً سولہ سال کے طویل عرصے، مسلسل محنت، عوامی تعاون اور خیر خواہوں کی مالی معاونت سے اس منصوبے کو مکمل کیا گیا۔

مسجد اب 70,000 مربع فٹ کے رقبے پر پھیلی ہوئی ہے اور اس کی بلندی 85 فٹ ہے۔ تین منزلہ یہ عمارت نہ صرف عبادت کے لیے وقف ہے بلکہ اس کی نشیبی منزل  کو، جہاں نماز ادا کی جارہی تھی، اب  ایک جدید اسلامی مرکز میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے۔جبکہ  نوتعمیر شدہ  پہلی منزل پر باقاعدہ نمازیں ادا کی جا رہی ہیں۔  جمعہ جیسے بڑے اجتماعات کے موقع پر نشیبی منزل بھی عبادت کے لیے استعمال کی جائے گی۔ سہولتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مسجد میں چھ دروازے بنائے گئے ہیں، اور دو لفٹس کی تنصیب کی گئی ہے، جن میں سے ایک کا کام تکمیل کے مراحل میں ہے۔ مسجد کے احاطے کے علاوہ روڈ کنارے بھی سواریوں کی پارکنگ کا موزوں انتظام کیا گیا ہے۔

وضو کے لیے علیحدہ اور کشادہ مقامات مختص کیے گئے ہیں، جہاں بیک وقت 150 افراد وضو کر سکتے ہیں، مسجد کی پہلی منزل پر بھی وضو خانے اور واش روم موجود ہیں۔ خواتین نمازیوں کے لیے بھی الگ ہال اور سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ دور دراز سے آنے والی خواتین بآسانی اور اطمینان کے ساتھ نماز ادا کر سکیں۔

مسجد کی تعمیر و توسیع کے اس عظیم منصوبے کی نگرانی مجلس ملیہ کے تحت انجام دی گئی۔ صدر جناب عتیق الرحمن منیری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسجد اب ساحلی کرناٹک کے لیے ایک مثالی مرکز کی حیثیت اختیار کر چکی ہے، جو نہ صرف عبادت بلکہ دینی، سماجی اور تعلیمی سرگرمیوں کا بھی مرکز بنے گی۔ انہوں نے تنظیم ملیہ اور سماجی ادارہ YMSA (ینگ مسلم سروس اسوسی ایشن) کی خدمات کو سراہا اور دبئی و خلیجی ممالک میں مقیم بھٹکل برادری کے افراد کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے بھٹکل کے معروف تاجر جناب عبدالباری محتشم اور جناب محتشم عبدالرحمن جان کا خصوصی ذکر کیا، جنہوں نے ابتدا ہی سے اس منصوبے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

مسجد کی افتتاحی تقریب میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی، مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی، مولانا انصار خطیب مدنی، مولانا صادق اکرمی ندوی، صدر مسجد کمیٹی عتیق الرحمن منیری، جنرل سیکرٹری شعور کولا ندوی، سابق صدر عبدالرقیب ایم جے ندوی، تعمیراتی کمیٹی کے کنوینر فواز سکری، نائب کنوینر جاوید حسین ارمار، مولانا عرفان ندوی، مولانا وصی اللہ ڈی ایف ندوی سمیت متعدد علمائے کرام، معززین، ادارہ جاتی نمائندے اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

کہا جا سکتا ہے کہ تنظیم ملیہ جمعہ مسجد کی تجدید و توسیع کا یہ منصوبہ نہ صرف وقت کی اہم ضرورت کا جواب ہے بلکہ یہ ایک ایسے وژن کی عکاسی کرتا ہے جو دین، تعمیر، خدمت اور اجتماعیت کو یکجا کرتا ہے۔ یہ مسجد آئندہ نسلوں کے لیے نہ صرف عبادت گاہ بلکہ دینی و فکری رہنمائی کا مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

Click here for report in English


Share: