بنگلورو، 30/ اپریل (ایس او نیوز)کرناٹک اسکول ایگزامینیشن اینڈ ایویلیوشن بورڈ نے ریاست بھر میں ایس ایس ایل سی (دسویں جماعت) امتحان-1 کو 21 مارچ سے 4 اپریل 2025 تک کامیابی کے ساتھ منعقد کیا۔ اس امتحان میں ریاست بھر کے آٹھ لاکھ سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔ اب طلبہ بے صبری سے نتائج کے اعلان کا انتظار کر رہے ہیں۔
اس سلسلہ میں سامنے آئی سرکاری معلومات کے مطابق ایس ایس ایل سی امتحان 2025 کے نتائج مئی کے پہلے ہفتے یا دوسرے ہفتے کے اختتام تک جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ اگرچہ نتائج کی حتمی تاریخ کا اعلان فی الحال نہیں کیا گیا ہے۔
ریاستی وزیر برائے اسکولی تعلیم و خواندگی مدھو بنگارپا نے حال ہی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ امتحانی جوابی پرچوں کی جانچ کا عمل بخوبی جاری ہے اور بہت جلد نتائج کی مصدقہ تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ اسکول ایگزامینیشن اینڈ ایویلیوشن بورڈ کے افسران اور محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹرز اس سلسلہ میں تفصیلات فراہم کریں گے۔
واضح رہے کہ ایس ایس ایل سی پاس کرنے کے لیے طلبہ کو تحریری امتحان میں مجموعی طور پر کم از کم 35 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہے۔ گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی پاسنگ مارکس سے متعلق کچھ نرمی برقرار رکھی گئی ہے۔ مدھو بنگارپا نے بتایا کہ زبان اول کے پرچے میں کم از کم 35 نمبر جبکہ دیگر مضامین میں (ہر مضمون میں 80 میں سے) کم از کم 28 نمبر حاصل کرنا ضروری ہوگا۔
امسال ریاست بھر کے 15,881 اسکولوں میں کل 8,42,817 طلبہ نے ایس ایس ایل سی میں تعلیم حاصل کی، جبکہ 8,96,447 طلبہ نے امتحان کے لیے رجسٹریشن کروایا تھا جن میں 38,091 ریپیٹرز اور 15,539 پرائیویٹ طلبہ شامل تھے۔ مجموعی طور پر 3,35,468 لڑکے، 3,78,389 لڑکیاں اور 5 تیسری جنس کے طلبہ اس امتحان میں شامل ہوئے۔ امتحانات کے لیے ریاست بھر میں 2,818 مراکز قائم کیے گئے تھے۔
ایس ایس ایل سی کے امتحانات میں کامیابی کے لیے طلبہ کو تحریری امتحان میں 500 میں سے کم از کم 175 نمبر حاصل کرنے ہوں گے، یعنی 35 فیصد۔ ہر مضمون میں 30 فیصد نمبر حاصل کرنا اور مجموعی طور پر تمام مضامین میں اوسطاً 35 فیصد نمبر ہونا ضروری ہے۔ تحریری اور داخلی دونوں پرچوں کو ملا کر اوسط 35 فیصد نمبر حاصل کرنا بھی لازمی ہے۔
طلبہ و والدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ نتائج کے اعلان تک صبر و تحمل کے ساتھ انتظار کریں اور کسی بھی افواہ پر یقین نہ کریں۔