کاروار، 19/اکتوبر (ایس او نیوز )کرناٹک قانون ساز کونسل کے مغربی گریجویٹ حلقے کے انتخابات 2026 کے تحت 23 اکتوبر کو ہونے والی رائے دہی کے لیے ضلع میں تمام ضروری تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ رائے دہی کے عمل کو پُرامن اور خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کے لیے ضلعی انتظامیہ پوری طرح تیار ہے۔ یہ بات اُترکنڑا کی ڈپٹی کمشنر کے لکشمی پریا نے کہی۔
وہ پیر کو ڈپٹی کمشنر دفتر کے کانفرنس ہال میں منعقدہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خطاب کررہی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس انتخاب میں ضلع کے 25 پولنگ مراکز پر مجموعی طور پر 16,039 ووٹرس اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے، جن میں 8,028 مرد اور 8,011 خواتین شامل ہیں۔ انتخابات کو شفاف اور منظم انداز میں منعقد کرنے کے لیے مختلف مراحل میں ضروری انتظامات کیے گئے ہیں اور تمام پولنگ مراکز پر رائے دہی کے عمل کو انجام دینے کے لیے مطلوبہ عملہ تعینات کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 21 اکتوبر کو شام 4 بجے انتخابی تشہیر کا عمل ختم ہوجائے گا۔ اس کے بعد 22 اکتوبر کو ضلع کے تمام تحصیلدار دفاتر میں رائے دہی کے دن ڈیوٹی پر مامور عملے کو انتخابی کارروائی کے لیے ضروری سامان فراہم کیا جائے گا۔ 23 اکتوبر کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رائے دہی کے دوران کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو روکنے کے لیے ضروری احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں۔ تمام پولنگ مراکز پر مناسب پولیس بندوبست بھی کیا جائے گا۔ انتخابی عمل کی نگرانی اور کامیاب انعقاد کے لیے 34 پریزائیڈنگ افسران (PRO)، 35 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران (APRO)، 62 پولنگ افسران (PO)، 25 مائیکرو آبزرورس اور 125 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد متعلقہ تحصیلدار دفاتر میں ڈی مَسٹرنگ کا عمل انجام دیا جائے گا، جس کے بعد ووٹنگ مشینوں کے بجائے انتخاب میں استعمال ہونے والے بیلٹ بکس کو سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ ووٹوں کی گنتی کے مرکز کے محفوظ کمرے میں منتقل کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق، ووٹوں کی گنتی 27 اکتوبر کو صبح 8 بجے سے دھارواڑ زرعی یونیورسٹی میں شروع ہوگی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا، انتخابی تحصیلدار پرمود نائک، بی جے پی کے سنجے سالونکے، کانگریس کے بابو شیخ اور رمیش مدکیکر سمیت انتخابی شاخ کے دیگر افسران موجود تھے۔