ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مہاراشٹرا میں گنے سے بھرا ٹرک اُلٹ گیا؛ چھ مزدوروں کی موت؛ گیارہ زخمی

مہاراشٹرا میں گنے سے بھرا ٹرک اُلٹ گیا؛ چھ مزدوروں کی موت؛ گیارہ زخمی

Mon, 10 Mar 2025 16:17:19    S O News

ممبئی ، 10 /مارچ ( پی ٹی آئی/ایس او نیوز)  ریاست مہاراشٹر کے ضلع چھترپتی سمبھاجی نگر میں  پیش آئے ایک المناک  سڑک حادثے میں چھ مزدور ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہوگئے۔ حادثہ ممبئی سے قریب ٣٥٠ کلو میٹر دور   پشور گھاٹ  پر اس وقت پیش آیا جب   پیر کی علی الصبح  تقریباً 2:30 بجے  گنے سے لدا ہوا ایک تیز رفتار ٹرک بے قابو ہوکر اُلٹ گیا۔

پتہ چلا ہے کہ  جب ٹرک کنڑ سے پِشور کی جانب جا رہا تھا۔ ٹرک میں کل 17 مزدور سوار تھے۔

پولیس حکام کے مطابق، پشور گھاٹ کے قریب پہنچتے ہی ڈرائیور گاڑی پر سے  قابو کھو بیٹھا، جس کے نتیجے میں ٹرک الٹ گیا۔ حادثے کے بعد مزدور سڑک پر گر گئے اور گنے کے ڈھیر کے نیچے دب گئے۔

کنڑ سٹی پولیس اسٹیشن کے ایک افسر نے بتایا کہ جیسے ہی واقعے کی اطلاع ملی، پولیس اور مقامی افراد نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ چار مزدوروں کی لاشیں گنے کے ڈھیر کے نیچے سے برآمد ہوئیں، جبکہ دو دیگر نے علاج کے دوران دم توڑ دیا۔

پولیس نے جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی شناخت کرلی ہے، جن میں کسان راتھوڑ (30)، منوج چاوان (23)، متھن چاوان (26)، ونود چاوان (28)، کرشنا راتھوڑ (30) اور گیانیشور چاوان (36) شامل ہیں۔ تمام مزدور کنڑ کے ستکند گاؤں اور آس پاس کے علاقوں سے تعلق رکھتے تھے۔

حادثے میں زخمی ہونے والے 11 مزدوروں کو قریبی اسپتال اور  طبی مراکز میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔


Share: