ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی میں عآپ کی شکست کے بعد بی جے پی متحرک، گھوٹالوں کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

دہلی میں عآپ کی شکست کے بعد بی جے پی متحرک، گھوٹالوں کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

Sun, 09 Feb 2025 11:21:04    S.O. News Service

نئی دہلی ،9/فروری (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج بی جے پی کے لیے خوشی کا پیغام لے کر آئے ہیں، اور پارٹی میں جشن کا ماحول دیکھا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اس جیت پر مسرت کا اظہار کیا ہے، جبکہ پی ایم مودی شام کو ایک اہم خطاب بھی کرنے والے ہیں۔ اسی دوران بی جے پی نے دہلی میں مبینہ گھوٹالوں کی تحقیقات کا عندیہ دیا ہے۔ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ عام آدمی پارٹی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے بعد بی جے پی اب بدعنوانی کے الزامات میں گھرے لیڈران کے خلاف سخت کارروائی کی تیاری میں ہے۔

دہلی بی جے پی صدر ویریندر سچدیوا نے بدعنوان لیڈروں کے خلاف جلد سے جلد جانچ شروع کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری ترجیح دہلی کی ترقی اور دہلی کو ترقی یافتہ راجدھانی بنانا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے عآپ پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں جتنے گھوٹالے ہوئے ہیں ان کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی جائے گی۔ دہلی کو جس نے لوٹا ہے، ان سے دہلی نے اپنا بدلہ لے لیا ہے۔ دہلی والوں نے ان بدعنوانوں کو باہر کرنے کا کام کیا ہے جنھوں نے لوٹ مچائی تھی۔

قابل ذکر بات یہ ہے مشہور سماجی کارکن انا ہزارے نے بھی عآپ کی شکست پر حملہ کیا ہے۔ دراصل عآپ کی بنیاد بدعنوانی کے خلاف شروع ہوئی انّا ہزارے تحریک میں ہی پڑی تھی۔ حالانکہ انّا ہزارے نے خود کو اس پارٹی سے الگ ہی رکھا۔ اب جبکہ عآپ کو دہلی میں شکست کا سامنا ہوا ہے تو انھوں نے کہا کہ ’’پیسوں کو زیادہ اہمیت دینے کے سبب عآپ کی شبیہ کو نقصان پہنچا۔ عآپ اس لیے ہاری کیونکہ وہ مخلصانہ طریقے سے لوگوں کی خدمت کرنے کی ضرورت کو سمجھنے میں ناکام رہی اور غلط راستہ اختیار کیا۔‘‘


Share: