ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کمرشیل عدالتوں میں مقدمات کے تیز تر تصفیہ پر وزیراعلیٰ سدارامیا نے کیا اطمینان کا اظہار؛ معیار کا خیال رکھنے وزیر برائے ریونیو کو دی ہدایت

کمرشیل عدالتوں میں مقدمات کے تیز تر تصفیہ پر وزیراعلیٰ سدارامیا نے کیا اطمینان کا اظہار؛ معیار کا خیال رکھنے وزیر برائے ریونیو کو دی ہدایت

Wed, 29 Jan 2025 19:02:32  Office Staff   S.O. News Service
کمرشیل عدالتوں میں مقدمات کے تیز تر تصفیہ پر وزیراعلیٰ سدارامیا نے کیا اطمینان کا اظہار؛ معیار کا خیال رکھنے وزیر برائے ریونیو کو دی ہدایت

    بنگلورو، 29/جنوری (ایس او نیوز)کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدارامیا نے کمرشیل عدالتوں میں مقدمات کے جلد تصفیے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے  وزیر برائے ریونیو کرشنا بائرے گوڑا کو ہدایت دی کہ صرف تعداد میں کمی کافی نہیں بلکہ معیار کا بھی خیال رکھا جائے تاکہ اپیلوں میں بھی کمی ہو۔

وزیراعلیٰ نے آج اپنی رہائش گاہ کرشنا میں محکمہ ریونیو کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے دوران کہا کہ ہماری حکومت کے قیام کے وقت 10 سال یا اس سے زیادہ پرانے 10 ہزار سے زائد مقدمات زیر التوا تھے، جن میں سے اب صرف 369 مقدمات ہی تحصیلدار عدالتوں میں باقی رہ گئے ہیں۔ اس ضمن میں وزیر کرشنا بائرے گوڑا نے اجلاس میں تمام تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ  65 فیصد معاملات میں کھاتے کی تبدیلی کا عمل ایک دن کے اندر مکمل ہو رہا ہے جو کہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔ زمین کی تبدیلی کا عمل بھی ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے افسران کو سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا  کہ میوٹیشن اور زمین کی تبدیلی کے معاملات میں عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری یا تاخیر کا سامنا نہیں  ہونا چاہئے۔ تحصیلدار کی عدالتوں میں مقدمات کو تین ماہ کے اندر نمٹانے کا بھی انہوں نے حکم  جاری کیا۔

اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ ضلع مجسٹریٹ عدالتوں میں گزشتہ ایک سال میں 36 فیصد مقدمات کا تصفیہ کر دیا گیا ہے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کی عدالتوں میں مقدمات کے تصفیے کی رفتار نسبتاً سست ہے، جس کی وجوہات تکنیکی مسائل کو قرار دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے تمام متعلقہ افسران کو جلد از جلد حل نکالنے کی ہدایت دی۔

ریونیو کے محکمے میں اصلاحات کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے، جس میں ڈرون سروے اور آن لائن زمین کے ریکارڈ کا کمپیوٹرائزیشن شامل ہے۔ اب تک 8 کروڑ سے زائد زمین کے دستاویزات کو ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے اور 2.22 کروڑ کھاتوں کو آدھار سے جوڑ دیا گیا ہے، جس سے جعلی دستاویزات بنانے کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے سرکاری زمینوں پر قابض کسانوں کو مناسب معاوضہ دینے کے لیے بھی تجاویز پیش کرنے کا حکم دیا۔ اس کے علاوہ ریاست میں موجود 3,800 بستیاں ریونیو گاؤں میں تبدیل کرنے کا کام جاری ہے، جسے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔


Share: