ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک کے قحط زدہ کسانوں کے لیے مرکز سے 22,400 کروڑ روپے کی امداد کا مطالبہ، پرمیشور نے وزیر اعظم اور مرکزی وزراء کو خطوط روانہ

کرناٹک کے قحط زدہ کسانوں کے لیے مرکز سے 22,400 کروڑ روپے کی امداد کا مطالبہ، پرمیشور نے وزیر اعظم اور مرکزی وزراء کو خطوط روانہ

Tue, 24 Nov 2026 11:34:47    S O News

بنگلورو، 24/ نومبر (ایس او نیوز/ایجنسی) کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر مال ڈاکٹر جی پرمیشور نے ریاست میں شدید خشک سالی اور کسانوں کو درپیش سنگین معاشی مشکلات کے پیش نظر مرکزی حکومت سے فوری طور پر قحط راحت کی رقم جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خشک سالی کے مسئلے پر مرکز اور ریاستی حکومت کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر مل کر کام کرنا چاہیے، کیونکہ کسانوں کی پریشانی کے وقت سیاسی الزام تراشی کا کوئی فائدہ نہیں۔ اگر مرکز کی جانب سے مزید امداد جاری نہیں کی گئی تو وزیراعلیٰ اور کابینہ کے دیگر ساتھیوں سے مشاورت کے بعد آئندہ قانونی اور انتظامی اقدامات پر فیصلہ کیا جائے گا۔

ڈاکٹر جی پرمیشور نے پیر کے روز سداشیو نگر میں واقع اپنی رہائش گاہ کے دفتر کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ریاستی حکومت نے خشک سالی سے متعلق مرکز کو تین مرتبہ درخواستیں پیش کی ہیں، لیکن گزشتہ دو ماہ سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان کو علیحدہ علیحدہ مکتوبات روانہ کرکے ریاست کی صورتحال سے واقف کرایا ہے اور ان تینوں قائدین سے ملاقات کے لیے وقت دینے کی درخواست بھی کی ہے۔

نائب وزیر اعلیٰ نے اپنے مکتوبات میں مرکزی حکومت کی جانب سے قحط زدہ کسانوں کی مشکلات کے تئیں اب تک مطلوبہ سنجیدگی نہ دکھائے جانے پر تشویش اور مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے 2 نومبر کو روانہ کیے گئے اپنے سابقہ مکتوبات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کرناٹک حالیہ برسوں کے بدترین قحط کا سامنا کررہا ہے اور اس صورتحال میں لاکھوں کسان خاندان شدید معاشی بحران سے دوچار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریاست کے 226 تعلقہ جات کو قحط سے متاثرہ قرار دیا گیا ہے، جبکہ 57.93 لاکھ ہیکٹر اراضی پر فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اس کے نتیجے میں مجموعی معاشی نقصان کا تخمینہ 62,481.88 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ اس سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریاستی حکومت نے قومی آفات راحت فنڈ (این ڈی آر ایف) کے تحت مرکز سے 22,400.58 کروڑ روپے کی امداد طلب کرتے ہوئے نظرثانی شدہ جامع یادداشت پیش کی ہے۔

ڈاکٹر پرمیشور نے کہا کہ مرکزی ٹیمیں کرناٹک کا دورہ کرکے قحط کی صورتحال کا جائزہ لے چکی ہیں اور اپنی رپورٹ بھی پیش کرچکی ہیں، اس کے باوجود اب تک مرکز کی جانب سے امدادی رقم جاری نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ خشک سالی کسی کو بتا کر نہیں آتی اور جب کسان مشکلات سے دوچار ہوں تو ان کے مسائل پر سیاست کرنا مناسب نہیں۔ ایک دوسرے پر الزامات عائد کرنے کے بجائے کسانوں کی مدد کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ سیاسی بحث کے لیے دیگر کئی موضوعات موجود ہیں، لیکن کسانوں کی پریشانی کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ان اعداد و شمار کے پیچھے لاکھوں کسان خاندانوں کی پریشانیاں اور ان کی زندگیوں کا بحران پوشیدہ ہے۔ فصلیں تباہ ہونے سے کسانوں نے اپنی آمدنی کے بنیادی ذرائع کھو دیے ہیں اور کئی خاندان اپنی جمع پونجی بھی خرچ کرچکے ہیں۔ انہیں روزمرہ ضروریات پوری کرنے، زرعی قرضوں کی ادائیگی اور اگلے فصل کے سیزن کی تیاری میں بھی دشواریوں کا سامنا ہے۔

نائب وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ریاستی حکومت نے مرکزی امداد کا انتظار کیے بغیر اپنے وسائل سے قحط راحت کی پہلی قسط جاری کردی ہے اور ہر اہل کسان کو کم از کم 5,000 روپے کی فوری امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کی تقسیم کا عمل شروع ہوچکا ہے اور تقریباً تمام اضلاع میں امدادی رقم پہنچانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ اسمبلی اجلاس شروع ہونے سے قبل اعلان کردہ رقم کسانوں تک پہنچ جائے۔ اس سلسلے میں جائزہ اجلاس منعقد کرکے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات بھی دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کو مرکزی حکومت سے رقم آنے تک انتظار کرنے پر مجبور نہ کیا جائے، اسی مقصد کے تحت ریاستی حکومت نے اپنے طور پر راحتی اقدامات شروع کیے ہیں۔ تاہم قحط کی شدت اور زرعی شعبے کو پہنچنے والے بھاری نقصان کے پیش نظر صرف ریاستی وسائل سے اس بحران کا مؤثر مقابلہ کرنا ممکن نہیں ہے۔ مرکزی امداد میں مزید تاخیر سے دیہی علاقوں کے خاندانوں کی مشکلات بڑھتی جائیں گی اور کسانوں کے لیے اپنی معاشی حالت دوبارہ بہتر بنانا مزید دشوار ہوجائے گا۔

ڈاکٹر پرمیشور نے کہا کہ کرناٹک نے مختلف اہم معاملات میں مرکز سے بارہا تعاون طلب کیا ہے، لیکن ریاست کے متعدد جائز مطالبات پر اب تک مناسب توجہ نہیں دی گئی۔ لاکھوں کسان خاندانوں کی زندگی اور روزگار سے وابستہ اتنے سنگین انسانی بحران کے باوجود مرکز کی جانب سے مطلوبہ توجہ نہ ملنا افسوسناک ہے۔ قدرتی آفات نہ سیاسی سرحدوں کی پابند ہوتی ہیں اور نہ ہی نظریاتی اختلافات کو تسلیم کرتی ہیں، لہٰذا ان سے نمٹنے کے لیے حکومتوں کا ردعمل بھی سیاسی اختلافات سے بالاتر ہونا چاہیے۔

انہوں نے ہندوستان کے وفاقی جمہوری نظام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کی اصل طاقت مرکز اور ریاستوں کے باہمی تعاون میں مضمر ہے، بالخصوص ایسے وقت میں جب لاکھوں لوگوں کی زندگی اور روزگار داؤ پر لگا ہو۔ حکومتوں کو صرف فوری راحت فراہم کرنے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ زرعی معیشت کو اس قدر مستحکم بنانے کی ضرورت ہے کہ بارش کی ناکامی کسی پورے کسان خاندان کو قرض کے بوجھ تلے دبانے یا برسوں کی محنت کو ضائع کرنے کا سبب نہ بنے۔

مرکز سے امداد حاصل کرنے کی سابقہ کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہا کہ اس سے قبل بھی امداد نہ ملنے پر ریاستی حکومت نے نئی دہلی میں احتجاج کیا تھا، لیکن کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔ بعد ازاں سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا، جس کے بعد عدالت کی ہدایت پر تقریباً 3,500 کروڑ روپے کی امداد جاری کی گئی تھی۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مرتبہ ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوگی اور مرکز ریاست کی درخواست پر مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے امدادی رقم جاری کرے گا۔

نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب ایک ذمہ دار ریاستی حکومت متعلقہ مرکزی وزارتوں سے رجوع کرتی ہے تو مرکز کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اس پر مناسب ردعمل ظاہر کرے۔ انہوں نے وزیر اعظم اور دونوں مرکزی وزراء سے اپیل کی کہ کرناٹک حکومت کی جانب سے پیش کردہ نظرثانی شدہ قحط راحت یادداشت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے مطلوبہ مالی امداد کی جلد منظوری اور اجرائی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ریاست میں قحط کی سنگینی اور کسانوں کو درپیش مشکلات کی تفصیلات ذاتی طور پر پیش کرنے کے لیے تینوں قائدین سے جلد ملاقات کا وقت دینے کی درخواست بھی کی۔

آشا کارکنوں کے احتجاج سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر پرمیشور نے کہا کہ وزیراعلیٰ سدارامیا نے احتجاج کرنے والی کارکنوں کے نمائندوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل خود حل کرنے کا یقین دلایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انہیں حکومت پر اعتماد رکھنے اور صبر سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 25 نومبر کی شام وزیراعلیٰ احتجاجی کارکنوں سے دوبارہ ملاقات کرکے ان کے مطالبات پر تبادلہ خیال کریں گے اور اس کے بعد مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔ احتجاجی کارکنوں کی جانب سے تحریری یقین دہانی کے مطالبے پر انہوں نے کہا کہ اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ کارکنوں کے مسائل حل ہوں اور حکومت کی ترجیح ان کے مسائل کا مناسب حل تلاش کرنا ہونی چاہیے۔

مصنف روی ہنج کی جانب سے حکومت کو چیلنج کرنے اور ان کی کتاب ضبط کیے جانے سے متعلق سوال پر ڈاکٹر پرمیشور نے کہا کہ مصنف کا دعویٰ ہے کہ کتاب میں کوئی قابل اعتراض الفاظ استعمال نہیں کیے گئے، لیکن کتاب کے مندرجات کی بنیاد پر وہ حکومت کو چیلنج بھی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بادی النظر میں ریاست کے کئی طبقات نے کتاب کے بعض مندرجات پر اعتراضات ظاہر کیے ہیں اور یہ معاملہ کرناٹک بھر میں بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر کابینہ کے اجلاس میں بھی غور کیا گیا تھا اور کتاب کے مندرجات کا جائزہ لینے کے بعد ہی اسے ضبط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈاکٹر پرمیشور نے کہا کہ اگر مصنف حکومت کے فیصلے کو چیلنج کرنا چاہتے ہیں تو انہیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ ملک میں قانون موجود ہے اور ہر کسی کو اس کی پابندی کرنا ہوگی۔ مصنف کی گرفتاری کے موقع پر امریکی سفارت خانے سے مدد طلب کرنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر ان کے پاس امریکہ کا گرین کارڈ یا وہاں کی شہریت ہے تو امریکی سفارت خانے سے رابطہ کرنا ان کا فطری عمل ہوسکتا ہے۔ ممکن ہے کہ انہوں نے سفارت خانے کو اپنی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے تحفظ یا مدد کی درخواست کی ہو۔


Share: