بھٹکل، 3 مئی (ایس او نیوز): نیو شمس اسکول بھٹکل نے تعلیمی سال 2024-2025 کے آئی سی ایس ای (دسویں جماعت) کے امتحانات میں 100 فیصد کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک اور تعلیمی سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔ اسکول کے پرنسپل جناب لیاقت علی کے مطابق، کل 83 طلبہ جن میں 31 لڑکے شامل تھے، امتحان میں شریک ہوئے اور تمام کے تمام کامیاب قرار پائے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 11 برسوں سے، جب سے اسکول نے آئی سی ایس ای نصاب اختیار کیا ہے، شمس اسکول مسلسل 100 فیصد نتائج دے رہا ہے، جو ادارے کی معیاری تعلیم پر مسلسل توجہ اور طلبہ کی محنت کا واضح ثبوت ہے۔
اسکول کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، 83 میں سے 41 طلبہ نے امتیازی نمبرات کے ساتھ، 32 نے فرسٹ کلاس میں، 9 نے سیکنڈ کلاس میں اور ایک طالب علم نے تھرڈ کلاس میں کامیابی حاصل کی۔ ادارہ تربیتِ اخوان کے زیر انتظام چلنے والے اس اسکول نے ان شاندار نتائج پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کامیابی کو طلبہ کی انتھک محنت، والدین کے بھرپور تعاون اور اساتذہ کی خلوص دل سے کی گئی رہنمائی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
اسکول کی پریس ریلیز کے مطابق، انعم رکن الدین بنت محمد یعقوب رکن الدین نے 95.6 فیصد نمبرات حاصل کرکے اسکول میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ان کے بعد فائحہ بنت فیاض احمد سدی باپا نے 94.8 فیصد نمبرات کے ساتھ دوسری، اور علویہ بنت محمد تزئیم بِڈچول نے 92 فیصد نمبرات کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح انعم قاضیا بنت محمد شیث قاضیا اور عائشہ شابندری بنت محمد عاصم شابندری نے 91.8 فیصد نمبرات حاصل کیے، جبکہ محمد اذہان ابن عبدالعزیز قادری نے 90.4 فیصد حاصل کرکے نمایاں کارکردگی درج کی۔
طلبہ کی انفرادی کامیابیوں میں کئی نے مختلف مضامین میں صد فیصد نمبرات بھی حاصل کیے۔ احمد دامدا فقیہ، فائحہ اور عائشہ شابندری نے اردو میں مکمل نمبرات حاصل کیے، جبکہ انعم رکن الدین نے سوشیل اسٹڈیز میں، اور علویہ، انعم رکن الدین اور فائحہ نے فزیکل ایجوکیشن میں 100 فیصد نمبرات حاصل کیے۔
اس عظیم کامیابی پر ادارہ تربیتِ اخوان کے صدر جناب اسماعیل محتشم نے تمام طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نتیجہ اساتذہ، والدین اور طلبہ کی باہمی محنت و تعاون کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نتائج اس بات کا ثبوت ہیں کہ اسکول انتظامیہ نے طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے جس خلوص اور حکمت عملی سے کام کیا، وہ ثمر آور ثابت ہوا ہے۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسکول کے چیئرمین جناب نذیر احمد قاضی نے کہا کہ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ نیو شمس اسکول، ریاست کے صفِ اول کے تعلیمی اداروں میں اپنی شناخت مضبوط کر رہا ہے اور تعلیم کے میدان میں نئے معیار قائم کر رہا ہے۔ انہوں نے تمام کامیاب طلبہ اور ان کے والدین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔