ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / سعودی عربیہ نے ہندوستان سمیت 14 ممالک کے لئے لگائی ویزا پر عارضی پابندی

سعودی عربیہ نے ہندوستان سمیت 14 ممالک کے لئے لگائی ویزا پر عارضی پابندی

Mon, 07 Apr 2025 15:20:48    S O News

ریاض،  7 / اپریل (ایس او نیوز) غیر مجاز طریقے سے حج ادا کرنے والوں پر قابو پانے کے مقصد سے سعودی حکومت نے ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش سمیت 14 ممالک کے لئے حج کے موسم میں عمرہ، فیمیلی وزٹ اور بزنس ویزا جاری کرنے پر پابندی عائد کی ہے ۔
    
یہ عارضی پابندی امسال وسط جون میں حج کا موسم ختم ہونے تک عائد رہے گی ۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ باضابطہ رجسٹریشن کے بغیر حج ادا کرنے کی کوشش کرنے والوں پر روک لگانے کے مقصد سے یہ اقدام کیا گیا ہے ۔ کیونکہ کئی ممالک سے زائرین عمرہ یا وزٹ ویزا پر یہاں آتے ہیں اور ضابطے کے مطابق  سرکاری اجازت نامے کے بغیر حج ادا کرنے کے مقصد غیر قانونی طورمقررہ مدت سے زیادہ قیام کرتے ہیں ۔ 
    
سعودی شہزادہ محمد بن سلمان نے سرکاری حکام کو ہدایت دی ہے کہ ویزا قانون کو سختی کے ساتھ لاگو کرتے ہوئے بحسن و خوبی حج کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے ۔ اس حکم نامے کے پس منظر میں اب بیرونی ممالک کے افراد عمرہ ویزا کے لئے 13 اپریل تک درخواست دے سکیں گے ۔ اس کے بعد حج کا موسم ختم ہونے تک کوئی عمرہ ویزا جاری نہیں کیا جائے گا ۔ 
    
سعودی عربیہ سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق جن ممالک کے باشندے سے اس پابندی سے متاثر ہونگے ان میں ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، عراق، نائجیریا، اردن، الجیریا، سوڈان، ایتھوپیا، تیونیشیا، یمن کے علاوہ ایک اور ملک ہے جس کی واضح نشاندہی نہیں کی گئی ہے ۔ 
    
سعودی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال حج 2024 کے دوران پیش آئے ہوئے المناک حادثات میں ایک ہزار سے زائد زائرین فوت ہوئے تھے، جن میں سے بیشتر غیر مجاز طریقے سے حج میں شریک ہوئے تھے ۔  اس کے علاوہ حد سے زیادہ بھیڑ اور شدید ترین گرمی نے حالات کو بد تر بنا دیا تھا ۔ اسی پس منظر میں رجسٹریشن کے بغیر حج کرنے والوں کو روکنے کے لئے یہ تازہ اقدام کیا گیا ہے تا کہ حالات کو قابو میں رکھا جا سکے اور زائرین کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔ 


Share: