سنبھل ، 8/اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی) اتر پردیش کے ضلع سنبھل سے سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمان ضیاء الرحمان برق سے آج اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) تفتیش کرے گی۔ یہ پوچھ گچھ 24 نومبر کو پیش آئے ہنگامہ آرائی کے واقعے کے سلسلے میں کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل جمعہ مسجد کمیٹی کے صدر ظفر علی کو گرفتار کیا گیا تھا اور ان سے تفصیلی تفتیش ہو چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق، پولیس نے گزشتہ دنوں دہلی میں واقع ضیاء الرحمان برق کی رہائش گاہ پر جا کر انہیں نوٹس دیا تھا۔ اس نوٹس میں انہیں تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔ خیال رہے کہ سنبھل میں پیش آئے پرتشدد واقعے میں ضیاء الرحمان برق کو نامزد ملزم بنایا گیا ہے اور ان کا نام کیس ڈائری میں شامل کیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے تیار کی گئی کیس ڈائری میں 24 نومبر کی ہنگامہ آرائی کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا گیا ہے جس میں جمعہ مسجد کے صدر اور بعض دیگر افراد کے ساتھ رکن پارلیمان ضیاء الرحمان برق کا بھی ذکر ہے۔ ایس آئی ٹی کی ٹیم اس معاملے میں برق کے کردار کو سمجھنے کی کوشش کر رہی ہے اور ان سے مختلف پہلوؤں پر سوالات کیے جائیں گے، جن میں واقعے سے قبل اور بعد میں ہونے والی ممکنہ گفتگو بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ ضیاء الرحمان برق کے مکان کی تعمیر کے سلسلے میں بھی مقامی انتظامیہ کی جانب سے مختلف کارروائیاں جاری ہیں۔ چند روز قبل برق کے مکان کی پیمائش مکمل کی گئی، جس کے دوران بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات تھی تاکہ ماحول خراب نہ ہو۔ اس معاملے میں پہلے بھی کئی بار انہیں نوٹس دیے جا چکے ہیں۔
مکان کی تعمیر سے متعلق شکایات کی جانچ کے لیے اے سی ڈی ایم کی نگرانی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی تھی، جسے 22 مارچ تک رپورٹ پیش کرنی تھی۔ تاہم کمیٹی مقررہ وقت تک رپورٹ نہ دے سکی۔ اس تاخیر پر فروری میں انتظامیہ نے برق کو جواب داخل کرنے کے لیے مزید وقت دیا تھا، جس پر پانچ سو روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
جئے پور، 8/اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی)راجستھان کے جئے پور ناہرگڑھ علاقے میں پیر کی شام ہٹ اینڈ رن کا ایک دل دہلانے والا واقعہ پیش آیا۔ یہاں ایک بے قابو ایس یو وی کار نے کئی دو پہیہ گاڑیوں اور سڑک پر پیدل چل رہے لوگوں کو روند دیا۔ اس حادثے میں 2 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 7 دیگر زخمی ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں کئی کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔
پولیس کی اطلاع کے مطابق ہٹ اینڈ رن کا یہ واقعہ راجستھان کے جئے پور کے ناہرگڑھ علاقے میں ہوا جس میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔ واقعہ کا ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیسے ایک سفید رنگ کی بے قابو کار کئی گاڑیوں کو ٹکر مارتی ہوئی آگے نکل گئی۔ گاڑیوں اور لوگوں کو روندنے کا یہ فوٹیج رونگٹے کھڑے کرنے والا تھا۔
حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے فوراً کار کا پیچھا کرکے اسے گھیر لیا اور ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کی ابتدائی جانچ کے مطابق ڈرائیور گاڑی چلاتے وقت کافی نشے میں تھا۔
ایس ایم ایس پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر کنہیا لال نے اے این آئی کو بتایا کہ ناہرگڑھ علاقے سے ہٹ اینڈ رن کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس میں 9 لوگ زخمی ہوئے تھے جس میں 2 کی موت ہو گئی ہے۔ مہلوکین میں ایک خاتون اور ایک مرد شامل ہے۔ 4 زخمیوں کا ٹراما سینٹر میں علاج کیا جا رہا ہے جبکہ 3 لوگوں کو علاج کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ ’دی ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل ڈی سی پی (شمال) بجرنگ سنگھ نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت اودھیش پاریک (37) اور ممتا (50) کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کو یہ رپورٹ بھی ملی ہے کہ اسی گاڑی نے ایم آئی روڈ پر دیگر کاروں اور ایک پیدل مسافر کو ٹکر ماری۔ ایک افسر نے بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے کیونکہ کچھ زخمیوں کی حالت انتہائی نازک ہے۔ واقعہ کے بعد موقع اور بعد میں ایس ایم ایس اسپتال میں لوگوں کی کافی بھیڑ جمع ہو گئی جہاں زخمیوں کو علاج کے لیے لے جایا گیا۔ ایس پی (کوتوالی) انوپ سنگھ نے تصدیق کی ہے کہ ڈرائیور کو حراست میں لے کر کار کو ضبط کرلیا گیا ہے۔