ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کیا کیجریوال حکومت کے وزراء کے بجلی اور پانی کے بھاری بل سرکاری خزانے سے ادا کیے گئے؟

کیا کیجریوال حکومت کے وزراء کے بجلی اور پانی کے بھاری بل سرکاری خزانے سے ادا کیے گئے؟

Tue, 25 Feb 2025 18:13:33    S O News

نئی دہلی  ، 25/ فرور ی (ایس او نیوز/ایجنسی )دہلی میں حکمراں بی جے پی حکومت آج اسمبلی میں زیر التواء سی اے جی رپورٹ پیش کرنے جا رہی ہے، جس میں پچھلی عام آدمی پارٹی حکومت کے دور میں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ اور محلہ کلینک کی تعمیر میں مبینہ بے ضابطگیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ اسی دوران، ایک آر ٹی آئی درخواست کے ذریعے انکشاف ہوا ہے کہ اروند کیجریوال کی حکومت میں سرکاری رہائش گاہوں کے بجلی کے بھاری بھرکم بل سرکاری خزانے سے ادا کیے گئے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ معلومات کے حق (آر ٹی آئی) کی ایک رپورٹ کے جواب کے مطابق دہلی حکومت کی سرکاری رہائش گاہوں کے بجلی کے بل لاکھوں میں ہیں۔ نومبر 2024 کے ایک آر ٹی آئی کے مطابق، عام آدمی پارٹی کے سات وزراء کے بجلی کے بل دو سالوں (2022-2024) میں 1.15 کروڑ روپے تک پہنچ گئے۔

دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ کے گھر کا بجلی کا بل 41 لاکھ روپے تھا۔ سابق وزیر تعلیم کی رہائش گاہ پر 1.26 لاکھ یونٹ بجلی کی کھپت دیکھی گئی، جس کی لاگت 14.95 لاکھ روپے تھی۔ اس کے علاوہ 21.72 لاکھ روپے جی اے ڈی (جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ) کے وزیر کی رہائش گاہ کے بجلی کے بل کے ذریعے خرچ ہوئے۔

سابق وزیر صحت کی سرکاری رہائش گاہ نے 68,581 یونٹ بجلی استعمال کی جس کی لاگت 10.53 لاکھ روپے تھی۔ سابق وزیر خزانہ کی سرکاری رہائش گاہ پر بجلی پر 19.32 لاکھ روپے خرچ ہوئے جبکہ سماجی بہبود کے وزیر کی رہائش گاہ پر دو سالوں میں 4.99 لاکھ روپے بجلی خرچ کی گئی۔ اس کے علاوہ سابق وزیر اعلیٰ کا پانی کا بل 1.13 لاکھ روپے تھا جب کہ وزیر تعلیم کا 3.16 لاکھ روپے بتایا گیا تھا۔

دہلی اسمبلی انتخابی مہم میں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کی تزئین و آرائش بی جے پی کے لیے ایک بڑا مسئلہ رہا ہے، جہاں پارٹی نے بنگلے کی تعمیر نو اور اندرونی سجاوٹ میں بے قاعدگیوں اور بدعنوانی کا الزام لگایا تھا۔ بی جے پی نے اسے 'شیش محل' کہا اور اب اسے میوزیم میں تبدیل کرنے کی تیاریاں کی جاری ہیں۔ بی جے پی اپنی مہم میں کہتی رہی ہے کہ اگر حکومت بنتی ہے تو اسمبلی میں سی اے جی کی رپورٹ پیش کی جائے گی، جسے بی جے پی کا الزام ہے کہ کیجریوال حکومت نے چھپایا تھا۔


Share: